نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل

نوازشریف کے لئے لاہور میں سروسز اسپتال کا وی آئی پی روم مختص کیا گیا ہے


ویب ڈیسک February 02, 2019
سابق وزیر اعظم کی اسپتال آمد کے موقع کا منظر (فوٹو: نیوز ایجنسی)

سابق وزیراعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال لاہور منتقل کردیا ہے جہاں ان کے لیے اسپتال کا وی آئی پی روم مختص کیا گیا ہے جسے محکمہ داخلہ پنجاب نے سب جیل قرار دے دیا ہے۔ سروسز اسپتال میں 3 رکنی میڈیکل بورڈ نواز شریف کا معائنہ کرے گا۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو کھانے پینے اور ملنے جلنے سمیت تمام سہولیات دی گئیں لیکن مریم نواز اور آل شریف پروپیگنڈا کر رہے تھے کہ نواز شریف سے بہتر سلوک نہیں کیا جا رہا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما سروسز اسپتال پر بھی اعتراض اٹھا رہے ہیں۔ سروسز اسپتال میں نواز شریف کے تمام ٹیسٹ کیے جائیں گے، پی آئی سی سروسز اسپتال کے بالکل ساتھ ہے، ضرورت پڑنے پر انہیں وہاں منتقل کیا جا سکتا ہے، نواز شریف کو رو بصحت ہونے پر دوبارہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

یہ پڑھیں: خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی نیب درخواست مسترد

 

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ ان کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ جس نے 30 جنوری کو 2 گھنٹے تک کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔ میڈیکل بورڈ نے میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں