ایم کیوایم کاعمران خان کیخلاف 5ارب ہرجانے کا دعویٰ تحریک انصاف 10 ارب کا دعویٰ دائرکریگی

عمران خان کے بیان سے الطاف حسین کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، فاروق ستار


ویب ڈیسک July 23, 2013
عمران خان کے بیان سے الطاف حسین کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، فاروق ستار۔ فوٹو فائل

ایم کیوایم نے الطاف حسین پر الزام تراشی پر عمران خان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں 5 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے جس کے بعد تحریک انصاف نے بھی ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے ہتک عزت کے جوابی دعوے کا اعلان کردیا ہے۔

قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے بیرسٹر فروغ نسیم کی وساطت سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر دعوے میں تحریک انصاف اور پارٹی چیئرمین عمران خان کو فریق بنایا ہے۔سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کی عہدے دار زہرا شاہد کے قتل کے ایک گھنٹے بعد قائد تحریک الطاف حسین کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا تھا،عمران خان کے اس بیان سے الطاف حسین کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، اس لئے ایم کیو ایم نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے بمعہ معافی انہیں 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے تاہم اس سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی ایم کیو ایم کے خلاف 10 ارب روپے کے جوابی ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے، پارٹی ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے رہ نماوں کی بیان بازی سے پارٹی قیادت کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اس سسلے میں مرکزی قیادت نے وکلا سے صلاح مشورہ شروع کر دیا ہے اور جلد ہی ایم کیو ایم کی قیادت پر 10 ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائےگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں