فواد خان بالی وڈ خانز سے بڑے اداکار ہیں بھارتی فلم رائٹر  

فواد خان دو سال تک بالی ووڈ میں کام کرتے تو تینوں میں سے کسی ایک خان کی جگہ لے چکے ہوتے، خالد اعظمی


Qaiser Iftikhar February 02, 2019
بھارت میں نوجوان نسل فواد کی بڑی پرستار ہے، خالد اعظمی

لاتعداد مقبول بالی وڈ فلموں کے رائٹر خالد اعظمی نے فواد خان کو بالی وڈ خانز سے بڑا اداکار قرار دیدیا۔

ایکسپریس نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بالی وڈ فلموں کے رائٹر خالد اعظمی اپنی اہلیہ کے ہمراہ نجی دورے پر گزشتہ روز واہگہ کے راستے لاہور پہنچے جہاں ان کا استقبال سریستان کے مینجنگ ڈائریکٹر مظہر ہاشمی نے کیا۔ اس موقع پرخالد اعظمی نے جہاں پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کی پابندی کے جلد ختم ہونے کی خبر سنائی وہیں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اختلاف کو سیاسی داؤ پیچ قرار دیا۔

خالد اعظمیٰ نے کہا کہ ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے ملنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے میڈیا کا کردار بھی منفی ہے جو ایشوز کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے لیکن میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو بین کرنے میں مودی سرکار کا کوئی کردار نہیں ہے، بالی ووڈ کی ایک چھوٹی سی تنظیم کی جانب سے یہ کوشش کی گئی تھی لیکن اکثریت اس کے حق میں نہیں ہے اور آج بھی پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے گیت بھارتی فلموں میں شامل کئے جارہے ہیں۔، پاکستان کے پاس ایسے فنکاروں کی بڑی تعداد ہے جو اپنی اداکاری سے کسی کو بھی اپنا دیوانہ بنا سکتے ہیں۔ فواد خان ، شان ، جاوید شیخ اور بہت فنکار بہترین اداکار ہیں۔ ان کی جاندار اداکاری کسی سے کم نہیں ہے۔

خالد اعظمی نے کہا کہ پاکستانی فلموں کی تعداد اور معیار میں اضافہ ہورہا ہے اور مولاجٹ کے ٹریلر کو دیکھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی فلم اب بالی وڈ نہیں بلکہ ہالی وڈ کے لیول کو چھو رہی ہے، نوجوان فلم میکر امریکہ اور برطانیہ سے فلمساشی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد فلمیں بنا رہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں نوجوان نسل فواد کی بڑی پرستار ہے، دو سال مسلسل کام کرتے تو تین میں سے کسی ایک خان کی جگہ ان کی ہوتی، بطور رائٹر پاکستان کے فلم میکرز کے ساتھ کام کر رہا ہوں اور کچھ کہانیاں لکھ رہا ہوں۔ اس لئے بہت جلد میرا کام پاکستان کی بڑی اسکرین پر دکھائی دے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں