مسلم لیگ ق نے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار رضا ربانی کی حمایت کردی

پارلیمنٹ میں مشترکہ اپوزیشن کا قیام چاہتے ہیں اس سلسلے میں مل کر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا، چوہدری شجاعت

مسلم لیگ (ق) کے منتخب نمائندے سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹر رضا ربانی کو ووٹ دیں گے، چوہدری شجاعت۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مشترکہ صدارتی امیدوار سینیٹر رضا ربانی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔


اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر مخدوم امین فہیم، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سینیٹر رضا ربانی نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی ،ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے سینیٹر رضا ربانی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے منتخب نمائندے سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹر رضا ربانی کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) پارلیمنٹ میں مشترکہ اپوزیشن کا قیام چاہتی ہے اس سلسلے میں مل کر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔

اس موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سینیٹر رضا ربانی کی حمایت کے لئے وہ ہر جماعت کے پاس جائیں گے، اس سلسلے میں وہ آج مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی جائیں گے اور انہیں امید ہے کہ وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔
Load Next Story