فلم ارتھ کے پاکستان ميں ری میک پربھارتی فلم ساز کلجیت پال کا اعتراض

اعتراض بلاجواز ہے، جس حدتک میں قانون کو سمجھتاہوں تمام حقوق فلم کے رائٹر یعنی میرے پاس ہیں، مہیش بھٹ


ویب ڈیسک July 23, 2013
پاکستان میں فلم ارتھ کے ری میک کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سنیما کے ذریعے بہترکرنا ہے مہیش بھٹ فوٹو: فائل

مہیش بھٹ کی 1982 میں بننے والی فلم "ارتھ" کے پاکستان ميں ری میک پربھارتی فلم ساز کلجیت پال نے اعتراض کردیا ہے تاہم مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کا اعتراض بے بنیاد ہے۔

مہیش بھٹ نے بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی اداکار اور ہدایت کارشان کو فلم کی اردو زبان میں تیاری کی اجازت دی ہے، یہ کوئی کمرشل فلم نہیں ہے اس لیے اس میں کسی قسم کی رقم کا لین دین نہیں ہوا، فلم کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سنیما کے ذریعے بہترکرنا ہے، نئے کاپی رائٹ قانون کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ جس حدتک وہ قانون کو سمجھتے ہیں تو فلم کے رائٹر کے پاس ہی فلم کے تمام حقوق ہوتے ہیں۔

مہیش بھٹ کا مزید کہنا تھا کہ کلجیت پال نے فلم کے ہندی میں دوبارہ بننے پر اعتراض کیا تاہم انہیں فلم کے اردو میں بننے پرکسی بھی قسم کا کوئی اعتراض نہیں تھا، کلجیت پال نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ فلم کے ہندی زبان ميں دوبارہ بننے کے حق میں نہیں ہیں تاہم جب انہیں یہ بتایا گیا کہ فلم کا ری میک مکمل طور پر اردو زبان ميں ہوگا تو انہوں نے اس پر رضامندی ظاہر کی۔

فلم کے ری میک کی شوٹنگ لاہور کی جائے گی جس کے لیے شان جو خود فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے نے اپنے ساتھ لیڈنگ رول کے لئے عمائمہ ملک اور عظمیٰ حسین کا انتخاب کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں