وزیر اعظم کا سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا عندیہ

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کل سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں گے

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کل سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں گے فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا عندیہ دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں ان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی اور سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

بعدازاں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین، وزیر اورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری ، وزیر صحت ڈاکٹر عامر کیانی ، معاون خصوصی نعیم الحق، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان ، وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال، وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیر ہاوٴسنگ میاں محمود الرشید، وزیر آبپاشی محمّد محسن لنگڑیال، وزیر صنعت میاں محمد اسلم اقبال اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم کو پولیس اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم کا گھریلوصارفین کیلیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے عثمان بزدار کو سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ہدایت کی۔

عمران خان نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی بات سنی جائے اور اگر وہ لوگ جوڈیشل کمیشن پر مطمئن ہوتے ہیں تو اس پر غور کیا جائے جب کہ اس فیملی کے ساتھ پولیس کے رویے کی بھی نگرانی کی جائے۔

وزیراعظم نے متاثرہ خاندان میں ایک کینسر زدہ مریض کے علاج کی بھی خصوصی ہدایت کی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کل پیر کو سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی سے ملاقات کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ مسترد کردیا

پنجاب کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فیصلہ


اجلاس میں پنجاب حکومت کی انتظامی اور مالی استعداد کار بڑھانے پر بھی غور کیا گیا اور صوبے کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے پنجاب اسپیشل اسٹرٹیجی کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو کی اشد ضرورت ہے اور وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

یہ بھی طے ہوا کہ پنجاب میں سینئر بیوروکریٹس کو اہم وزارتوں کی ذمہ داری دی جائے گی جن کے ذریعے اہم فیصلے کیے جائیں گے، مختلف وزارتوں کو رابطہ نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کیا جائیگا جن کی سربراہی بھی سرکاری افسران کریں گے۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور صنعتی پیداوار میں مصنوعات کے تنوع کی ضرورت ہے۔ شرکا نے صوبے کے 50 شہروں اور 36 اضلاع کی ترقی کے لیے تجاویز بھی پیش کیں اور کم سے کم 15 شہروں کو معاشی حب قرار دینے کی سفارش کی گئی۔

واٹر اتھارٹی کے قیام کی منظوری

اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے جلد قانون سازی کرنے کی ہدایت کی۔

گیس قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر تحقیقات کی ہدایت کردی ہیں۔

میڈیا حکمت عملی

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا جس میں وزیراعظم نے میڈیا کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا جائے اور میڈیا میں موثر انداز میں حکومت کا دفاع کیا جائے۔
Load Next Story