دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش …

دنیا میں کم و بیش 18 ہزار مخلوقات کو اللہ رب العزت نے پیدافرمایا اوران تمام مخلوقات میں سےانسان کوافضل درجہ عطاکیا...



دنیا میں کم و بیش 18 ہزار مخلوقات کو اللہ رب العزت نے پیدا فرمایا اور ان تمام مخلوقات میں سے انسان کو افضل درجہ عطا کیا جس کی وجہ عقل و شعور ہے جس کی وجہ سے انسان کو تمام مخلوقات پر فوقیت عطا فرمائی جس کی بنیاد پر ہم انسان کہلاتے ہیں لیکن اتنی بڑی عقل و شعور کی قوت کے باوجود بھی انسان بے راہ روی کا شکار ہو کر حیوانیت پر اُتر آتا ہے یہی وجہ ہے کہ انسان جو اللہ کی تخلیق ہے اس کو راہ راست پر لانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبروں کو دنیا میں بھیجا تا کہ وہ اللہ کی وحدانیت کو تسلیم کروائیں اور امن و محبت اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم کریں۔

لیکن افسوس کہ اتنی تبلیغ و تلقین کے باوجود انسان مذہب، فرقہ واریت، رنگ و نسل کی بنیاد پر نہ صرف تقسیم ہو کر رہ گیا ہے بلکہ ایک اللہ کی عبادت کرنے کے بجائے شر پھیلانے میں سرگرم عمل ہے ۔اللہ تعالیٰ نے سرکار دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکو محسن انسانیت بنا کر دنیا میں بھیجا ایسے وقت میں جب انسان جہالت کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے طرح طرح کی برائیوں میں مشغول تھا تو آپ ﷺکو اللہ تعالیٰ نے رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا تا کہ انسان کو اس کے اشرف المخلوقات ہونے کا احساس دلایا جا سکے اور اس مقصد کے لیے آپ ﷺ نے دین اسلام کی تبلیغ کا آغاز کیا اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کی بجا آوری کا درس بھٹکی ہوئی انسانیت کو دیا اور امن و اخلاق کا درس دیا کہ دین اسلام دراصل رنگ و نسل، ذات پات، اونچ نیچ سے بالاتر ہے سوائے تقویٰ کے، یہ امن و آشتی کا دین ہے جہالت سے نجات کا ذریعہ ہے کیونکہ جہالت بہت سی بُرائیوں کی جڑ ہے۔ دین اسلام انسانیت کی خدمت کا ہی درس دیتا ہے اور مختلف اسلامی تہواروں میں ہمیں یہ جذبہ مسلمانوں میں نظر آتا ہے جب لوگ دل کھول کر غریب، مسکین، یتیم، بیواؤں اور بے سہاروں کی مدد کرتے ہیں جو جذبہ ایثاری کی اعلیٰ ترین مثال ہے اور اس مثال کو قائم کرنے کے لیے اور نادار افراد کی مدد کے لیے دنیا بھر میں بے شمار فلاحی ادارے قائم ہیں۔

ایسا ہی ایک فلاحی ادارہ متحدہ قومی موؤمنٹ کا ''خدمت خلق فاؤنڈیشن'' ہے جو کم و بیش چونتیس برسوں سے دکھی انسانیت کی خدمت بلا امتیاز رنگ ونسل، مذہب، قومیت سے بالا تر ہو کر عملی خدمت کر رہا ہے۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن وہ واحد ادارہ ہے جو نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود نادار و مستحق افراد کی شب و روز خدمت کر رہا ہے۔ رمضان المبارک اُمت مسلمہ کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے تین عشر ے عطا کیے ہیں جس میں امت مسلمہ کے لیے رشد و ہدایت و برکت عطا کی گئی ہے جس پر عمل کر کے ہم اپنی زندگی کے تمام گناہوں کو اللہ رب العزت کے حضور بخشوا سکتے ہیں اور اپنے تمام عزیز و اقارب اور تمام امت مسلمہ کی مغفرت کرانے میں مشغول رہتے ہیں تا کہ وہ اس ماہ مقدس کے طفیل مغفرت پا سکیں۔ اس مبارک مہینے کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا نجات ہے لہٰذا یہ ہماری ذمے داری ہے کہ اللہ کی خوشنودی کی خاطر وہ کردار ادا کریں جو حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سنتوں کے مطابق ہو، اس با برکت مہینے کی ہر رات اللہ تعالیٰ گناہ گاروں کو جہنم کی آگ سے نجات دے کر جنت میں داخل فرماتا ہے اور رمضان کی آخری ساعتوں میں پورے مہینے کے برابر گناہ گاروں کو جنت میں داخل فرماتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان عالیشان ہے کہ: روزہ میرے لیے ہے اور اس کی جزا میں خود ہوں۔

رمضان المبارک صبر کا مہینہ ہے اور اس کا بدلہ جنت ہے۔ یہ ہمدردی اور غمخواری کا مہینہ ہے۔ اس مہینے کی اصل روح کے مطابق اگر ہم عبادت کریں اور دکھی انسانیت کی خدمت کریں تو معاشرے میں جنم لینے والی برائیوں کا خاتمہ عمل میں لا سکتے ہیں کیونکہ یہ مہینہ عبادت کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے فطرانہ ، زکوٰۃ، صدقات و خیرات غرض تمام نیکیوں کا ثواب اس مہینے میں کئی گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے جو ہر سال بینکوں میں زکوٰۃ کی کٹوتی کی جاتی ہے وہ صحیح طریقے سے مستحقین تک نہیں پہنچ پاتی جس کی بڑی وجہ ناقص انتظامات، من پسند اور غیر مستحق افراد کو ادائیگی اور کرپشن ہے لیکن ان سب اقربا پروری سے بالا تر ہو کر خالصتا دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہ کر ایم کیو ایم کا فلاحی ادارہ خدمت خلق فاؤنڈیشن جو بلا رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت میں شب و روز مصروف عمل ہے۔

خدمت خلق فاؤنڈیشن کی عملی خدمات کی چند مثال پیش ہیں۔

1-بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے

2-ہیپا ٹائٹس C اور ڈینگی وائرس کے مرض میں مبتلا افراد کا مفت علاج

3-ایمبولینس سروس، میت بس سروس اور سرد خانے کی خدمات

4-طبی امدادی کیمپوں اور گشتی شفاخانوں کے ذریعے غریب و مستحق افراد کا علاج

5-ملک بھر میں میڈیکل سینٹرز، میٹرنٹی ہومز، بلڈ بینکوں کا قیام

6-سندھ بھر کے عوام کے لیے حیدرآباد میں بڑا اور جدید اسپتال (نذیر حسین میڈیکل سینٹر) اور چائلڈ کیئر سینٹر

7-غریب و مستحق افراد کو اعلیٰ تعلیم سے روشناس کرانے کے لیے لائبریریوں اور اسکولوں کا قیام

8-جیلوں میں اسیر افراد کے لیے قانونی امداد کی فراہمی

9-ملک بھر میں قدرتی آفات، سانحات اور حادثات کے موقعے پر متاثرین کی فوری امداد

10-روزگار کے مواقعے، غریب بیواؤں کو سلائی مشین، معذوروں کو وہیل چیئرز وغیرہ

ایسے بے شمار خدمات گزشتہ 34برسوں سے خدمت خلق فاؤنڈیشن آپ حضرات کے تعاون سے انجام دے رہی ہے لہٰذا اپنی زکوٰۃ، فطرہ، صدقہ و دیگر عطیات خدمت خلق فاؤنڈیشن میں جمع کروا کر دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا حصہ شامل کروا کر ثواب دارین حاصل کریں اور دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کریں آج کا دیا ہو ا کل آخرت میں کام آئے گا یہی ہمارا دینی فریضہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں