حیدرآباد ناخلف بیٹے نے بوڑھی ماں کو گھر سے نکال دیا

معذور بیٹے کے اہل خانہ کے ہمراہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہوں، مسمات بچل

خاتون نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل ان کے بڑے بیٹے حمد اسلم راجپر نے اپنے جرائم پیشہ ساتھیوں کی مدد سے ان کے گھر پر حملہ کیا۔

انور ولاز قاسم آباد کی رہائشی بوڑھی خاتون مسمات بچل بیوہ امان اللہ راجپر نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مکان پر قبضے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ وہ انور ولاز میں رہائش پذیر تھی، جس میں اس کے ہمراہ ان کے 2بیٹے، بہو اور دیگر افراد رہتے تھے۔ خاتون نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل ان کے بڑے بیٹے حمد اسلم راجپر نے اپنے جرائم پیشہ ساتھیوں کی مدد سے ان کے گھر پر حملہ کیا اور ان سمیت وہاں موجود دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے بے دخل کر دیا اور مکان پر قبضہ کر لیا، جب کہ مذکورہ مکان ابھی تک ان کے مرحوم شوہر کے نام پر ہے۔




انھوں نے بتایا کہ گھر سے بے دخل ہونے کے بعد وہ اپنے معذور بیٹے، بہو، پوتے اور پوتیوں کے ہمراہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہے اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انھوں نے بتایا کہ متعلقہ پولیس بھی ان کی مدد کرنے کے بجائے قبضہ خوروں کا ساتھ دے رہی ہے۔ انھیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے اور مکان پر قبضہ کے خلاف آواز اٹھانے پر انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کے مکان سے قبضہ ختم کروا کر انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔
Load Next Story