کمزورسری لنکن اٹیک نے عثمان کی سوئی فارم جگادی

ناممکن فتح کو ممکن بنانے کیلیے مزید 499 رنز درکار تھے


AFP February 04, 2019
میزبان اسٹار کی سنچری، 516 کا تعاقب کرنے والی ٹیم نے بغیر نقصان17رنزبنالیے فوٹو: فائل

سری لنکا کے کمزور اٹیک نے عثمان خواجہ کی سوئی فارم بھی جگادی، ان کی سنچری سے تقویت پاکر آسٹریلیا نے آئی لینڈرز کو دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کیلیے 516 رنز کا ہدف دے دیا۔

کینگروز نے دوسری باری 196 رنز تین وکٹوں پر ڈیکلیئرڈ کی، جواب میں تیسرے دن کے اختتام تک مہمان سائیڈ نے بغیر نقصان کے 17 رنز بنالیے تھے، ناممکن فتح کو ممکن بنانے کیلیے مزید 499 رنز درکار تھے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز اپنی نامکمل پہلی اننگز کے اسکور 123 رنز 3 وکٹ سے کیا تاہم مارننگ سیشن میں ہی اس کی مزید 4 وکٹیں گرگئیں۔ دوسرے روز گردن پر گیند لگنے سے ریٹائر ہرٹ ہونے والے ڈیموتھ کرونارتنے بھی دوبارہ بیٹنگ کیلیے آئے مگر 59 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔

سری لنکن ٹیم کی مزاحمت لنچ کے بعد دوسرے اوور میں ہی لپیٹ لی گئی جب پوری ٹیم 215 رنز پر آئوٹ ہوگئی، مچل اسٹارک نے 5 وکٹیں لیں۔ آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے 319 رنز کی برتری کے باوجود حریف ٹیم کو فالو آن کرانے کے بجائے دوبارہ بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کا براہ راست فائدہ عثمان خواجہ کو ہوا جوکہ اس اننگز سے قبل ہوم سیزن میں کھیلے گئے 6 ٹیسٹ میچز میں 72 رنز کی بلند ترین اننگز کھیل پائے تھے۔

مگر کمزور حریف کے سامنے اس بار انھوں نے ڈٹ کر کھیلتے ہوئے سنچری جڑدی، جس کی تکمیل کے بعد ٹم پین نے دوسری اننگز 196 رنز 3 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی، عثمان خواجہ 101 اور ٹریوس ہیڈ 59 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ راجیتھا نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں فتح کیلیے 516 رنز کا ہدف پانے والی سری لنکن ٹیم نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 17 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کو مزید 499 رنز درکار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔