تخت برطانیہ کے تیسرے ولی عہد کو پہلی بارمیڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا

ٹاور آف لندن پر برطانوی افواج کے چاک و چوبند دستوں نے ننھے شہزادے کو 62 توپوں کی سلامی پیش کی۔


ویب ڈیسک July 24, 2013
شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کہا کہ یہ موقع ان کے لئے انتہائی خوشی اور جذبات سے بھرپور ہے۔ فوٹو: رائٹرز

برطانوی شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہاں پیدا ہونے والے نومولود کو اس کے والدین پہلی مرتبہ سینٹ میری اسپتال کے باہر لے آئے۔

لندن کے سینٹ میری اسپتال کے باہرشہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنے پہلے بچے کی رونمائی کرائی، اسپتال سے باہرآتے ہوئے بچے کو پہلے ماں اورپھرباپ نے اٹھایا، دونوں کی اس موقع پرخوشی کی کوئی انتہا نہ تھی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کہا کہ یہ موقع ان کے لئے انتہائی خوشی اور جذبات سے بھرپور ہے، نومولود شہزادے کی والدہ کیٹ مڈلٹن کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لئے انتہائی خاص اور خوشی کا لمحہ ہے۔ شہزادے ولیم نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک نئے مہمان کے نام کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا البتہ وہ اس کے بارے میں سوچ رہے ہیں، بعدازاں شہزادہ ولیم بچے اور کیٹ مڈلٹن کو گاڑی میں بٹھا کر خود ڈارئیو کرتے ہوئے شاہی محل لے گئے۔

دوسری طرف برطانوی شاہی خاندان کوتخت کا تیسرا وارث ملنے پر پورے ملک میں جشن کا سماں ہے، برطانوی دارلحکومت لندن میں نئے شہزادے کو توپوں کی سلامی دی گئی۔ ٹاور آف لندن پر برطانوی افواج کے چاک و چوبند دستوں نے ننھے شہزادے کو 62 توپوں کی سلامی پیش کی۔ سلامی کی دوسری بڑی تقریب گرین پارک میں منعقد ہوئی جہاں شاہی فوج کےخصوصی دستے قدیم توپوں اور گھوڑوں سمیت گرین پارک پہنچے اور پھر فضا 41 توپوں کی گھن گرج سے گونج اٹھی۔

لندن کے تاریخی ویسٹ منسٹر ایبے چرچ میں بھی شاہی بچے کی ولادت کی خوشی میں گھنٹیاں بجائی گئیں، ننھے شہزادے کی ولادت کی خبر سن کر ہزاروں برطانوی شہری شاہی محل کے باہر جمع ہیں جہاں گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب سجائی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں