ویمنز ٹی 20 پاکستان نے تھائی لینڈ کو مات دے دی

نیدرلینڈز نے زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دیدی، سری لنکا نے کینیڈا کو زیر کرلیا

نیدرلینڈ نے زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دیدی، سری لنکا نے کینیڈا کو زیر کرلیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر کے اولین میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 69 رنز سے مات دے دی۔

فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ پر145 رنز اسکور کیے، نین عابدی 38 گیندوں پر 47 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں، ان کی اننگزمیں7 چوکے شامل رہے، ندا ڈار 16 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، بسمہٰ معروف نے 22 گیندوں پر 25 رنزبنائے، جواب میں حریف ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 76 رنزتک محدود رہی، چینیڈا سٹیروانگ نے19 رنز بنائے، اسماویہ اقبال اور سمعیہ صدیقی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، سعدیہ یوسف، قنیطہ جلیل اور بسمہٰ معروف نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی، نین عابدی کو عمدہ بیٹنگ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔




پاکستانی ٹیم جمعرات کو دوسرے راؤنڈ میں زمبابوے کے مقابل آئے گی، ابتدائی دن دیگر میچز میں آئرلینڈ نے جاپان کو 117 رنز کے واضح مارجن سے ہرادیا، فاتح ٹیم نے ایک وکٹ پر 170 رنز بنائے، اوپنر کلیرشیلنگٹن نے 114 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سیسلیا جوائس 40 پر ناٹ آؤٹ رہیں، دونوں کے درمیان 134 کی شراکت بنی، جاپانی خواتین حسب توقع 18.2 اوورز میں 53 رنز پر پویلین رخصت ہوگئیں، ایلینا ٹائس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

نیدرلینڈز نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دے دی، ڈچ ٹیم نے 7 وکٹ پر 95 رنز بنائے، حریف سائیڈ 9 وکٹ پر 92 رنز بنا سکی،لیوبینیٹ نے تین کھلاڑیوں کو قابو کیا، این نایاتھی 30 ناٹ آؤٹ بناکر نمایاں رہیں، سری لنکا نے کینیڈا کو 9 وکٹ سے پچھاڑ دیا، ناکام سائیڈ 44 رنز پرہمت ہارگئی، آئی لینڈرز نے آسان ہدف 6.1 اوورز میں ایک وکٹ پر 47 رنز کی صورت حاصل کرلیا، ایشانی کوشلیااور یسودا مینڈس نے یکساں طورپر 17،17 ناٹ آؤٹ بنائے،چندیما گرورتنے کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔
Load Next Story