ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا


ویب ڈیسک February 05, 2019
بھارتی فوج نے ظلم وستم کی تمام حدیں عبور کرتے ہوئے 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کوشہید کردیا . فوٹو : یوسف عباسی

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔

ملک بھر میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرعام تعطیل رہی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے سائرن بجائے گئے جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے علاوہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے کہالہ پل پر ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔

مقبوضہ کشمیرمیں دہائیوں سے جاری حق خودارادیت کی تحریک کچلنے کی تمام بھارتی کوششیں ناکام رہیں، ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں، دہائیوں سے یہی داستان ہے مقبوضہ وادی کی جہاں ہردن کا آغاز ایک نئی امید اور اختتام کسی نہ کسی گھر میں بچھی صف ماتم پر ہوتا ہے۔

بات کریں اعداد و شمار کی تو کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 1989 سے لے کر اب تک بھارتی فوج نے ظلم وستم کی تمام حدیں عبور کرتے ہوئے 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کوشہید کردیا۔

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بدترین عملی مظاہرہ دیکھنا ہو تو مقبوضہ کشمیر پر ایک نظر ڈال لیجئے جہاں دوران حراست شہید کئے گئے کشمیریوں کی تعداد 7ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ایک لاکھ 45 ہزارکشمیریوں کو گرفتار کیا گیا جن کا قصور صرف آزادی کا مطالبہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں؛ بھارت مقبوضہ کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، وزیرخارجہ

مقبوضہ وادی کو بھارت کے غیرقانونی قبضے سے چھڑوانے کی جدوجہد میں تقریباً 23 ہزار کشمیری خواتین بیوہ ہوگئیں، 11ہزار کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب کہ ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد بچے یتیم ہوگئے۔

2018 وادی میں بھارتی مظالم کی شدت کے لحاظ سے گزشتہ 10 سال میں بدترین سال رہا، بھارتی افواج نے نام نہاد سرچ آپریشنز سمیت مختلف واقعات میں 375 کشمیریوں کوشہید کردیا۔

ایک طرف غیر انسانی ظلم و جبر تو دوسری طرف بھارتی سرکار کی ہٹ دھرمی اور بے حسی اس کے لئے باعث ذلت بن گئی ہے، اتوارکو بھارتی وزیراعظم مودی کشمیر کے دورے پر آئے تو کشمیریوں نے پہیہ جام ہڑتال سے ان کا استقبال کیا لیکن بجائے ندامت کے مودی سری نگر کی جھیل کی سیر کو نکلے اور کیمروں کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے رہے۔ دوسری طرف حکومت اور پاکستان کی غیور عوام بھارتی مظالم کے خلاف ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی، یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ وادی میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جاتے ہیں اور ہر روز وہاں سبز ہلالی پرچم لہرائے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔