گھوٹکی میں 3 سال قبل مردہ قرار دی گئی خاتون کراچی سے گرفتار

سسی 3 سال پہلے بتائے بغیر دوسری شادی کرکے کراچی آگئی اور گھر والوں نے اسے مردہ قرار دے کر قتل کا مقدمہ درج کرادیا تھا


ویب ڈیسک February 05, 2019
سسی شیخ کے قتل کے الزام میں 6 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا فوٹو: فائل

سائٹ سپرہائی وے پولیس نے گھوٹکی میں 3 سال قبل مردہ قرار دی گئی خاتون کو اس کے شوہر کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی میں سائیٹ سپر ہائی وے پولیس نے وزیر گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ سسی شیخ اور اس کے شوہر شعیب کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمہ نے3 سال قبل پہلے شوہر سے طلاق کے بعد کراچی کے رہائشی نوجوان سے بھاگ کر دوسری شادی کر لی تھی جب کہ سسی کے باپ نے اس کے قتل کا مقدمہ درج کرا کر 6 افراد کو گرفتار کرا دیا تھا۔

ترجمان ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ 2016 میں گھوٹکی کے تھانہ عادل پور میں سسی نامی خاتون کے قتل کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا، سسی کے ورثا نے قتل کے مقدمے میں 6 ملزمان کو نامزد کیا تھا ، مقدمہ درج کرانے کے چند روز بعد گھوٹکی کے علاقے میں واقعے ایک نہر سے ایک خاتون کی لاش ملی تھی جو ابتدائی طور پر نامعلوم تھی تاہم سسی شیخ کے سابق شوہر اور اس کی بہن نے سسی شیخ کے نام سے اسے شناخت کر لیا جس کے بعد عادل پور پولیس نے مقدمے میں نامزد 6 ملزمان کو پولیس گرفتار کر لیا تھا ، پولیس نے مقدمے میں نامزد گرفتار 6 ملزمان کے خلاف عدالت میں چالان پیش کر دیا تھا۔ گزشتہ روز سائٹ پولیس نے مردہ قرار دی گئی سسی شیخ اور اس کے موجودہ شوہر شعیب کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ 2 بچوں کی ماں ہے سابق شوہر نے طلاق دے دی تھی جس کے بعد والد ایک ایسے شخص سے اس کی شادی کرانا چاہتا تھا کہ جسے وہ پسند نہیں کرتی تھی ، کراچی کے رہائشی شعیب نامی شخص سے موبائل فون پر اس کی دوستی ہوئی تھی جس سے میں نے پوچھا کہ مجھ سے شادی کرو گے جس وہ تیار ہوگیا اور شادی کرنے میرے پاس گھوٹکی آگیا تھا جہاں ہم نے عدالت میں جا کر شادی کی اور پھر کراچی آگئے تھے ، میں نے اپنی مرضی سے بچوں کو اور گھر کو چھوڑا تھا ، ایس پی ملیر آفس کی جانب سے گھوٹکی پولیس کو ملزمہ کی گرفتاری کی اطلاع کر دی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں