صدارتی انتخاب ممنون حسین رضا ربانی اور وجیہہ الدین کےکاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

صرف مسلم لیگ (ن)کا نہیں ملک کا صدر بنوں گا، الیکشن کے بعد پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں گا۔ ممنون حسین

صرف مسلم لیگ (ن)کا نہیں ملک کا صدر بنوں گا، الیکشن کے بعد پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں گا۔ ممنون حسین۔ فوٹو فائل

صدارتی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ممنون حسین، پیپلزپارٹی کے رضاربانی اورتحریک انصاف کے جسٹس(ر)وجیہہ الدین احمد کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے۔

30 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوچکا ہے، ملک بھر سے 9 امیدواروں نے 18 کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ممنون حسین اس عہدے کے لئے باضابطہ امیدوار ہیں تاہم ظفر اقبال جھگڑا نے کورنگ امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رضا ربانی اور تحریک انصاف کے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد بھی امیدوار ہیں، ممنون حسین اور رضا ربانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے کاغذت نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے، ان کے علاوہ حاجی محمد خان مشوری، شاہد رفعت، شمیم احمد اور قدیر احمد بھی آزاد حیثیت سے صدارتی دوڑ میں شامل ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا کہ ملک میں موجود خرابیاں دور کرنے کے لئے ہر شخص کو کوشش کرنا ہوگی، مشکلات آتی رہتی ہیں، گھبرانے والا نہیں تمام سیاسی جماعتوں سے ووٹ مانگنے جاؤں گا، ان کا کہنا تھا کہ میں صرف مسلم لیگ (ن)کا نہیں ملک کا صدر بنیں گے، انتخابات کے بعد پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گا۔


رضا ربانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی ہوئی، ہمارا مقصد آئین اور قانون کی حکمرانی کو مستحکم کرنا ہے ، جبکہ پیپلز پارٹی رہنما اور سابق وزیر قانون اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے رضا ربانی کو سوچ سمجھ کر صدارتی امیدوار کے لئے نامزد کیا، رضا ربانی 18ویں ترمیم کے مصنف ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امید ہے مسلم لیگ (ن) بھی ہمارے امیدوار کی تائید کرے گی۔

سندھ ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے امیدوارجسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین موجودہ حالات میں بہترین امیدوارہیں، انہوں نے آئین کی پاسداری کی اورپی سی اوکے تحت حلف نہیں اٹھایا تھا، وزیراعظم نوازشریف پارٹی بنیادوں سے ہٹ کرایسے آدمی کوصدر بنائیں جوآئین اورقانون کی بالادستی پریقین رکھتا ہو۔

دوسری جانب مشتر کہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں، اس مقصد کے لیے اپوزیشن لیڈ ر خورشید شاہ نے ن لیگ کے خواجہ آصف کے ذریعہ وزیر اعظم کو پیغام بھجوایا ،خواجہ آصف نے خورشید شاہ کو جواب میں کہا ہے کہ وہ پارٹی قیادت سے بات کر کے جواب دیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story