کار حادثہ کیس عدالت نے سلمان خان پر فرد جرم عائد کردی

جرم ثابت ہوجانے پر سلمان خان کو کم از کم 10 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔


ویب ڈیسک July 24, 2013
سلمان خان 1998 میں بھی 3 روز جیل میں رہ چکے ہیں۔ فوٹو : فائل

بھارتی عدالت نے 2002 میں ہونے والے کار حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت سے متعلق کیس میں بالی وڈ کے دبنگ خان پر 11 سال بعد فرد جرم عائد کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی عدالت میں سلمان خان اپنی بہنوں کے ہمراہ پہنچے تاہم ان کے ساتھ فلم نگری کا کوئی ستارہ موجود نہیں تھا، کیس کی سماعت کے دوران ان پر عائد الزامات سنائے گئے جس سے انہوں نے انکار کردیا، کیس کی سماعت اب دوسری عدالت میں 19 اگست کو ہوگی تاہم ان کی فلمی مصروفیات کے باعث انہیں عدالت میں پیش ہونے سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

سلمان خان پر الزام ہے کہ 1998 میں انہوں نے نشے کی حالت میں ممبئی کے علاقے باندرا میں ایک بیکری کے باہر سوئے 5 افراد کو گاڑی تلے کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے، سلمان خان کا موقف ہے کہ حادثے کے وقت وہ گاڑی نہیں چلارہے تھے تاہم11 سال جاری رہنے والی قانونی کارروائی کے بعد دبنگ خان کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی ہے جس میں اتفاقی قتل اور اس کے بعد جائے حادثہ سے بھاگنے، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے جرائم کی دفعات شامل کی گئی ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر سلمان خان پر جرم ثابت ہوجاتا ہے تو انہیں کم از کم 10 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان 1998 میں فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران راجستھان میں کالے ہرن کے شکار کے جرم میں بھی 3 دن جیل کی ہوا کھا چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں