دیپیکا پڈوکون دوسری بار بالی ووڈ کنگ کی ہیروئن بننے کیلئے تیار

اداکارہ نےپہلی بار2007کےدوران فلم’’اوم شانتی اوم‘‘میں شاہ رخ کےساتھ کام کیا،نئی فلم کی پروڈیوسر بھی گوری خان ہی ہیں


Showbiz Desk July 25, 2013
اپنے کام پر خود تنقیدی نظر رکھتی ہوں،نئی فلم ’’چنائے ایکسپریس ‘‘کی تشہیری مہم میں مصروف ہوگئی ہوں،25سالہ بالی وڈ اداکارہ ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون ایک بار پھر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ نئی فلم ''چنائے ایکسپریس'' میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں۔

قبل ازیں اداکارہ دیپکا 2007کے دوران فلم ''اوم شانتی اوم''میں شاہ رخ کے ساتھ کام کرچکی ہیں ۔اب دوسری بار دیپکا شاہ رخ کی ہیروئن بن رہی ہیں۔ ''اوم شانتی اوم '' کو بھی شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا اب ''چنائے ایکسپریس بھی گوری خان ہی پروڈیوس کررہی ہیں ۔''اوم شانتی اوم ''کو ہدایتکارہ فرح خان نے ڈائریکٹ کیا تھا جب کہ ''چنائے ایکسپریس ''کے ہدایت کار روہت شیٹھی ہیں ۔میوزک وشال شیکھر کا ہے ۔فلم میں ارجن رام پال بھی اہم کردار میں جلوہ گرہورہے ہیں۔ دیپکا پڈوکون کی اس فلم کی تشہیری مہم جاری ہے۔ ''چنائی ایکسپرس'' کے ڈائیلاگ پروموزبھی شائقین کے لیے جاری کردیے گئے ہیں ۔فلم کی ریلیز کے حوالے ایک نئی تبدیلی کی گئی ہے یہ فلم اب رواں سال 8اگست کی بجائے 9اگست کو سینماگھروں کی زینت بنائی جارہی ہے ۔

اداکارہ دیپکا پڈوکون نے کہا کہ مسلسل کام کرنے کی عادت ہوگئی ہے ،تین سال بعد گھر کی شکل دیکھ رہی ہوں، انھوں نے کہا کہ میں اپنے کام کا خود جائزہ لیتی ہوں اور اپنی کارکردگی کی بہتری کے لیے بھی لائحہ عمل بناتی ہوں ۔ 2014میں آنیوالی نئی فلمیں شائقین کی توجہ حاصل کریں گی۔ اس میں یادگار پرفارمنس پر مداحوں کی پسند کی مہر ضرور لگے گی۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں کام کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔اچھے لوگ بہت ہیں اور اچھی پرفارمنس دکھانے والوں کا بھی تانتا بندھا رہتا ہے تاہم اپنے کام پر نظر رکھنا اور تنقیدی اعتبار سے کام کرنا بہت مشکل ہے یہ مشکل کام اب میں نے اپنی زندگی میں شامل کررکھا ہے اور اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ہی غلطیوں سے سیکھنا بھی شروع کردیا ہے۔ 25سالہ بالی ووڈ اداکارہ نے کہا ہے کہ بہت مختصر عرصے میں بہت کچھ سیکھا ہے اور سیکھنے کا عمل جاری ہے۔



تاہم اب تک جو بھی کام کیا ہے اس سے بہت خوش ہوں اور اپنی پرفارمنس کو بہتر بنایا ہے ۔اداکارہ دیپکا پڈو کون نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں اپنے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسی طرح محنت کرتی رہوں گی ۔ بالی ووڈ کی ایک کامیاب اداکارہ ہوں مجھے اس بات کا احساس ہے اور اب اپنی اسی ساکھ کو بھی برقرار رکھنا چاہوں گی ۔ کام کے حوالے سے میرا اپنا معیار بہت سخت ہے اور اپنی پرفارمنس سے جلدی مطمئن نہیں ہوتی ہوں ،جب تک میں خود اپنے کام سے مطمئن نہ ہوجاؤں کسی طور اسے فائنل نہیں کرتی ،اس بارے میں میرے ساتھی بھی گواہی دیں گے کہ میں اپنے کام کو بہت اہمیت بھی دیتی ہوں ۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس وقت نئی فلم'' چنائے ایکسپریس''کی تشہیری مہم میں بہت مصروف ہوگئی ہوں ۔فلم کی ریلیز کے لیے تیاریاں کررہے ہیں ۔

یہ فلم سینماگھروں میں دھوم مچائے گی۔ انھوں نے کہاکہ کئی اعتبار سے اس فلم کو اہمیت دے رہی ہوں ۔انھوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ میں نئی فلموں کے لیے تشہیری مہم کا آغاز ایک معمول کی بات بنی ہوئی ہے مگر میں اپنی نئی فلم کے حوالے سے یہ بھی کہوں گی کہ یہی فلم ہے جس کے لیے تشہیری مہم چلانے کا حق ادا ہونا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں نئی فلموں میں ایک اچھا اضافہ بھی ہے ۔مجھے ابھی 2014کے لیے آگے بڑھنا ہے ۔نئی فلم ''رام لیلا''پر بھی زیادہ توجہ دینا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ کام کے وقت سخت گیر ہوجاتی ہوں ویسے میرا مزاج نرم خو ہی ہے مگر کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی ۔اپنے کام کو معیاری بنانے کے لیے ہروقت تیاررہتی ہوں اور ہر طرح کے کرداروں سے کچھ سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ 2014میں بہت زیادہ کام کرنا ہے جس کے لیے ابھی سے پلان بنایا ہے ۔

نئی فلموں کی شیڈول شوٹنگز کے ساتھ اپنی دیگر شوبز سرگرمیوں کو بھی ترتیب دے رہی ہوں۔ دیپکا پڈوکون نے کہا کہ اب تک اپنی اننگ بڑی خوبصورتی سے کھیلی ہے اور آنیوالے سال پر بھی مجھ سے شائقین بجا طور پر یہ توقع وابستہ کرسکتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ میری پرفارمنس کو پسند کرنے پر مداحوں کی بے حد شکر گزار ہوں۔ہر عمر اور طبقے کے افراد نے مجھے پسند کرکے کامیابی کی سند دی ہے۔اسی وجہ سے میں اپنے کام سے بہت مطمئن ہوں ۔ نئی فلموںمیں بھی گیتوں پر پرفارمنس کا جادو چلاؤں گی۔ انھوں نے کہاکہ چھوٹی چھوٹی چیریں بھی بعض اوقات بڑی خوشیاں دینے کا سبب بنتی ہیں۔ میں تو چھوٹی باتوں اور چھوٹی سی کامیابی کو بھی اپنے لیے بڑا سمجھتی ہوں ،کسی کام کو بھی کم تر نہیں جانا ، اپنے مداحوں کے ساتھ بھی رابطے کی کوشش کرتی ہوں ۔عام زندگی میں ملنسار ہوں۔ کسی کی دل آزاری نہیں کرسکتی۔اپنے کام کو ہر حال میں مکمل کرنا میرا مقصد ہوتا ہے اور جب تک کام مکمل نہ ہو جائے مجھے بے چینی سی لگی رہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں