پاک امریکا تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت طے پاگئی

معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری وفودکے تبادلہ کرسکیں گے

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسو سی ایشن ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے فوٹو: ای ایف پی

پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ہوسٹن کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن اور ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان اکنامک کونسل کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت طے پاگئی ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر ہیوسٹن کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ اور ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان اکنامک کونسل کے چیئرمین اسماعیل ستار نے دستخط کیے۔ جس کے بعد دونوں ممالک کاروباری اور سرمایہ کاری میں اشتراک کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری وفودکے تبادلہ کرسکیں گے۔ مفاہتی یادداشت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان کے صدر ماجد عزیز، نائب صدر ذکی احمد خان، ہوسٹن کراچی سسٹرسٹی ایسوسی ایشن کراچی چیپٹر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نعیم قریشی ، آصف وہرہ اور احمد شمسی نے شرکت کی۔

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسو سی ایشن ایک نان پرافٹ آرگنائزیشن ہے جسے امریکی شہر ہیوسٹن اور کراچی کی شہری حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر قائم کیا گیا ہے۔ اس تنظیم کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان عزت اور احترام کے ساتھ امن کا فروغ اور ترقیاتی کام کرنا ہے۔


سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کا تصور سب سے پہلے 1956میں امریکی صدر آئزن ہاور نے پیش کیا تھا۔ سسٹر سٹی ایسوسی ایشن بنانے کا مقصد ایک ملک کی شہری حکومت کا کسی دوسرے ملک کی شہری حکومت کے ساتھ باضابطہ تعلق قائم کرنا تھا، جس کے تحت دونوں شہروں کے درمیان تعلیم، صحت، تجارت، فلاحی کاموں اور ثقافت کو فروغ دیا جاسکے۔ اس وقت ہوسٹن کے 18سسٹر سٹیز ہیں، جن میں سے 5 شہروں کراچی، استنبول، باکو، ابوظبی اور بصرہ کا تعلق اسلامی ممالک سے ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت سسٹرسٹیز انٹرنیشنل کے اعزازچیئرمین ہیں۔

سسٹرسٹیز انٹرنیشنل اس وقت امریکا کی 7سو سے زائد اور 145ممالک کی تقریباً 2 ہزار سسٹر کمیونیٹیز کی نمائندگی کر رہی ہے۔ ہیوسٹین سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کو کاروباری اور فلاحی کاموں کے فروغ اور انسانیت کی خدمت پر تین بین الاقوامی ایوارڈ مل چکے ہیں۔

ہیوسٹین سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ کو حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا کے سب سے معتبر سول ایوارڈ ' پریزیڈینٹ لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ2018' سے نوازا گیا ۔ ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان اکنامک کونسل بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمدات میں مسابقت میں بہتری کے اہداف میں بہتری کے لیے کوشاں ہے اور اس کے چیئر مین اسماعیل ستار کو پاکستان کے کاروباری حلقوں میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔
Load Next Story