عید کیلیے خواتین کے فٹ وئیر کی دیدہ زیب ورائٹی متعارف کرا دی گئی

شہر کے تمام بڑے بازاروں میں فٹ ویئرز کی دکانوں پر خواتین کا رش دیکھا جارہا ہے.


Staff Reporter July 25, 2013
شہر کے ایک شاپنگ سینٹر میں خواتین سینڈلز و سلیپرز کے ڈیزائن دیکھنے میں مصروف ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

عید کے لیے خواتین کے فٹ ویئرز کی دیدہ زیب ورائٹی متعارف کرادی گئی ہے۔

شہر میں ملبوسات کی طرح برانڈڈ فٹ ویئرز بھی فروخت کیے جارہے ہیں، عید کے لیے زیادہ تر فینسی چپلیں اور سینڈلز فروخت ہورہی ہیں، شہر کے تمام بڑے بازاروں میں فٹ ویئرز کی دکانوں پر خواتین گاہکوں کا رش دیکھا جارہا ہے، دکانداروں کے مطابق خواتین ملبوسات کی تیاری کے بعد میچنگ کی سینڈلز اور چپلیں خریدنا پسند کرتی ہیں اسی لیے اکثر خواتین اپنے ساتھ عید کے ملبوسات کی کترن یاکلر اسکیم ساتھ لیکر فٹ ویئرز کی خریداری کرتی نظر آتی ہیں، اس سال شہر میں فروخت ہونیوالی مشہور برانڈز میں اسٹائل ٹو، میٹرو، برجان، موڈیلا، اے ڈیلز،اسٹائیلو ، ایروسوفٹ باٹا اور سروس سرفہرست ہیں۔

جن کے فینسی،کیجوئل اور ویجز طرز کے شوز زیادہ مقبول ہیں، فینسی چپلیں اور سینڈلز میں زیادہ تر نگینوں اور اسٹون سے مزین، مشین کے کام والی اونچی ہیل کی سینڈلیں، فلیٹ اور لاسٹک و بغیر لاسٹک والے سلیپرز فروخت کیے جارہے ہیں، زیادہ تر خواتین عید کے ساتھ عید کے بعد شروع ہونیو الے شادی بیاہ کے سیزن کی بھی تیاری کررہی ہیں اس لیے فٹ ویئرز کی فروخت میں بھی اضافے کا رجحان ہے۔



کیجوئل فٹ ویئرز میں مون لائٹ، شنیل اور گریپی پربیڈز،میش،بکلزاور ریگزین کے پھولوں سے آراستہ زیپر اسٹائل، لاسٹک اور بغیر لاسٹک والے سلیپرز، فلیٹ اور نارمل ہیل والے جوتے زیادہ پسند کیے جارہے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق اس سال فٹ ویئرز کے فیشن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کوئی زیادہ تبدیلی نہیں آئی گزشتہ عید پرپنسل نوک والی ہیل زیادہ مشہور تھی جبکہ رواں سال کیجوئل جو تے کے بعد موٹی اور بڑی ہیل والے ویجز جوتے زیادہ فروخت ہورہے ہیں، ان فٹ ویئرز پر لگے ہوئے بڑے بکلز اور مختلف اقسام کے بینڈز یہ فٹ ویئرز دیگر ڈیزائن سے زیادہ دلکش نظر آتے ہیں، دکانداروں کے مطابق عید کیلیے تمام تر نیا اسٹاک رکھا گیا ہے، پرانا اسٹاک عید سے قبل ہی ڈسکاؤنٹ سیل میں فروخت کردیا گیا، بازاروں میں اچھی کوالٹی کے جوتے کی مناسب قیمت 1500روپے سے 2000روپے تک ہیں جبکہ دوسرے درجے کے شوز 800 سے 1000روپے میں فروخت کیے جارہے ہیں، متعدد دکانوں پر تھائی لینڈ اور چین سے درآمد شدہ فٹ ویئرز بھی فروخت کیلیے رکھے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں