علیم خان کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن اب کیا بہانہ بنائے گی فواد چوہدری

علیم خان نے فوری استعفی دیا اس سے کلچر کا واضح فرق نظر آتا ہے، فواد چوہدری


ویب ڈیسک February 06, 2019
اداروں کا مضبوط ہونا پاکستان کے لیے مضبوطی کا باعث ہے، فواد چوہدری، فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ علیم خان کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن اب کیا بہانہ بنائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جیسے ہی علیم خان کی گرفتاری کا کہا گیا تو انہوں نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا، جس طرح علیم خان نے فوری استعفیٰ دیا اس سے کلچر کا واضح فرق نظر آتا ہے اب پتہ چلتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں کیا کلچر ہے اور باقی جماعتوں میں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آف شور کمپنی کیس؛ نیب نے علیم خان کو گرفتار کرلیا

فواد چوہدری نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری کے بعد سمجھ نہیں آتا اپوزیشن اب کیا بہانہ بنائے گی، ہم احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، اداروں کا مضبوط ہونا پاکستان کے لیے مضبوطی کا باعث ہے۔

قبل ازیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اخبارات کی بندش کی وجہ معیشت نہیں بلکہ ٹیکنالوجی ہے، ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ جدت آ رہی ہے، اب میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہو گا اور مستقبل کیلئے ریسرچ کرنا ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے میڈیا بجٹ کو بہت زیادہ بڑھا دیا تھا جب کہ اخبارات کی بندش کے باعث بے روزگاری کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔