سی پیک اور گوادر میں ترقیاتی عمل سے بلوچستان ترقی کرے گا وزیراعظم

بلوچستان کےعوام کی ترقی خصوصا نوجوانوں کو ہنرمند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان


ویب ڈیسک February 06, 2019
وزیراعظم سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کےعوام کی ترقی خصوصا نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ایم این ایز سردار محمد، اسرار ترین، خالد حسین مگسی، احسان اللہ ریکی اور روبینہ عرفان شامل ہیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی نعیم الحق، ترجمان ندیم افضل گوندل، ملک عامر ڈوگر اور ارشد داد بھی موجود تھے۔

زبیدہ جلال نے وزیراعظم کو ایسٹ بے پر ایکسپریس وے سے منسلک پیسیج وے کے ماہی گیروں کے مسائل سے آگاہ کیا اور پیسیج وے کی کشادگی کی درخواست کی جس پر وزیراعظم نے ماہی گیروں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کیے عوام کی ترقی خصوصا نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے بلوچستان میں ٹیکنیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سی پیک اورگوادر میں ترقیاتی عمل سے بلوچستان ترقی کرے گا اور گوادر میں ترقیاتی عمل سے بلوچستان کی عوام کے لیے سماجی و معاشی ترقی کے بے شمار موقع میسر آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں پینے کے پانی کی کمی کے مسئلے سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ سے رابطے میں ہیں، بلوچستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سولر انرجی کو بروٴے کار لانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔