سری لنکا میں ناکامیوں کی جنوبی افریقی داستان طویل

مسلسل 11 میچز میں شکست، کل تیسرے ون ڈے میں آملا کی شرکت مشکوک

مسلسل 11 میچز میں شکست، کل تیسرے ون ڈے میں آملا کی شرکت مشکوک۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کی سری لنکن سرزمین پر ناکامیوں کی داستان طویل ہوگئی۔

آئی لینڈرز کے ہاتھوں اسے مسلسل 11ویں مرتبہ شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، 1993 کے بعد واحد ون ڈے فتح کیپلر ویسلز کی قیادت میں ہاتھ آئی تھی۔ ادھر گروئن انجری کا شکار ہونے والے ہاشم آملا کی جمعے کو شیڈول تیسرے میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی سری لنکا میں مایوس کن پرفارمنس نے نئے ریکارڈ بنانا شروع کردیے۔

منگل کو پروٹیز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 17 رنز سے ناکامی ہوئی تھی، یہ اس کی یہاں پر مسلسل 11 ویں ون ڈے شکست بنی، 1993 میں پہلے دورہ سری لنکا کے بعد سے اب تک ٹیم نے میزبان کے ساتھ 12 مکمل ون ڈے میچز کھیلے، ان میں سے پہلے مقابلے میں واحد فتح حاصل ہوئی تھی، اس وقت کپتان کیپلر ویسلز جبکہ موجودہ چیف سلیکٹر اینڈریو ہڈسن اوپنر تھے، اس کے بعد کبھی پروٹیز میزبان سائیڈ کے قریب بھی نہیں پہنچ پائے۔




اس بارٹیم کو فٹنس مسائل نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، انجرڈ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سیریز شروع ہونے سے قبل ہی باہر ہوگئے تھے، جیک کیلس اور گریم اسمتھ بھی انجری اور دیگر مسائل کی وجہ سے ٹیم میں شریک نہیں ہیں۔ اب ہاشم آملا بھی اس فہرست میں شامل ہونے والے ہیں، وہ گردن کی تکلیف کے باعث پہلا ون ڈے نہیں کھیل پائے تھے جبکہ دوسرے میں فیلڈنگ کے دوران وہ خود پر کنٹرول کھو بیٹھے جس کانتیجہ گھٹنے کی تکلیف کی صورت میں نکلا، اب ان کی تیسرے ون ڈے میں بھی شرکت مشکوک ہے۔

ٹیم ڈاکٹر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ اس قسم کی انجریز سے چھٹکارہ پانے میں 7 سے 8 ہفتے لگ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ تیسرا اور چوتھا میچ 26 اور 28 جولائی کو کینڈی میں کھیلا جائے گا، پانچویں ون ڈے کے لیے دونوںٹیمیں ایک بار پھر کولمبو کا رخ کریں گی۔
Load Next Story