زمبابوین ٹیم کے ’’پاکستانی‘‘ نے بھارت کو حیران کردیا

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے سکندر نے 82 رنز بنا کر روشن مستقبل کی نوید سنادی

آئیڈیل بیٹسمین انضمام الحق کے میچز کی ویڈیوز بڑے غور سے دیکھتا ہوں، اوپنر فوٹو: زمبابوے کرکٹ

زمبابوین ٹیم کے پاکستانی نژادکرکٹر سکندر رضا نے پہلے ون ڈے میں عمدہ بیٹنگ سے بھارت کو حیران کر دیا۔

سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے کھلاڑی نے 82 رنز بنا کرروشن مستقبل کی نوید سنا دی، انھوں نے انضمام الحق کو آئیڈیل قرار دیتے ہوئے رنز کے ڈھیر لگانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکندر رضا کے خاندان نے 2002ء میں زمبابوے میں سکونت اختیار کر لی تھی، ٹاپ آرڈر بیٹسمین نے دیار غیر میں اپنا کرکٹ کا شوق جوان رکھا اور 2010-11ء تک کلب اور اکیڈمیز کرکٹ کے مختلف مدارج طے کیے، انھوں نے فرسٹ کلاس سیزن میں 41 سے زائد کی اوسط سے 625 رنز بنا کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرلی۔ حال ہی میں بنگلہ دیش سے ہوم سیریز میں انہیں ڈیبیو کا موقع ملا، اب بھارت کے خلاف 5 میچز کی ون ڈے سیریز میں ایک بار پھر وہ برینڈن ٹیلر کی قیادت میں صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آ رہے ہیں۔




گزشتہ روز پہلے میچ میں انھوں نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہرارے میں مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ تشکیل نو سے گزرتی زمبابوین ٹیم میں شمولیت کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کروں گا، نوجوان بیٹسمین نے انضمام الحق کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق پاکستانی کپتان کے میچز کی ویڈیوز بڑے غور سے دیکھتا ہوں، خواہش ہے کہ انہی کی طرح دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے کئی یادگار اننگز اپنے نام کے آگے درج کراؤں، سکندر رضا نے کہا کہ زمبابوے کو کمزور ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے تاہم اسکواڈ میں جگہ بنانے والے کئی نئے پلیئرز باصلاحیت اور جیت کے جذبے سے سرشار ہیں، امید ہے کہ بتدریج ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل اور ہماری رینکنگ میں بہتری آتی جائے گی۔
Load Next Story