پاک چین دوستی کو 64سالہ رفاقت نے اٹوٹ بنادیا ہےگورنر

گورنر سندھ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ چینی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کریں


Staff Reporter August 24, 2012
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان گورنر ہائوس میں عید کی مبارکباد دینے آنیوالے چینی قونصل جنرل سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فوٹو: این این آئی

KABUL: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کی قربت اور اہمیت سے خائف پاکستان دشمن عناصر اس دوستی میں دراڑیں ڈالنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ان ناپاک عزائم سے یہ دوستی اور مربوط و مستحکم ہوتی ہے کیونکہ اس دوستی کو64 سال کی رفاقتوں نے اٹوٹ بنا دیا ہے، یہ بات انھوں نے گورنر ہائوس میں آئے ہوئے چین کے قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو گورنر سندھ کو عید کی مبارکباد دینے گورنر ہائوس آئے تھے۔

گورنر نے کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش اور عزم ہے کہ وہ ان دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں لائے جنھوں نے گذشتہ دنوں چینی قونصلیٹ کے باہر دھماکا کرکے دہشت پھیلانے کی کوشش کی، انھوں نے کہا کہ وہ بہت جلد چینی تاجروسرمایہ کاروں کو حکومت سندھ کی جانب سے سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرینگے، گورنر سندھ نے کہا کہ تمام تر معاشی چیلنجز کے باوجود کراچی اسٹاک ایکسچینج عرصہ دراز کے بعد15100 کی نفسیاتی حد کو عبور کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

اس کے علاوہ حالیہ عید سیزن میں گذشتہ چار سال کی خریداری کا ریکارڈ بھی ٹوٹا ہے جو اس بات کا غماز ہے کہ شہر میں منافع بخش کاروبار کے مواقع ہر حالت میں موجود رہتے ہیں، گورنر سندھ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ چینی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کریں، اس موقع پر چینی ناظم الامور نے گورنر سندھ کو نشان امتیاز کیلیے نامزد ہونے پر مبارک باد دی، ان کی کوشش ہوگی کہ وہ چینی سرمایہ کاروں کو سندھ خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کیلیے راغب کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں