تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دیدی

پاکستان کے 169 کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 9 وکٹوں پر 141 رنز ہی بنا سکی

پاکستان کے 169 کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 9 وکٹوں پر 141 رنز ہی بنا سکی . فوٹو : فائل

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے 169 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 141 رنز ہی بنا سکی، مڈل آڈر بیٹسمین وینڈر ڈوسن 41 اور مورس55 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہینڈرکس 5، ملان اور کلاسن 2، 2 جب کہ کپتان ملر13، پھلکوایو 10، اوربی ہینڈرکس3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، قومی ٹیم کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلے اور تیز رفتاری سے اسکور میں اضافے کی وجہ سے وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔


گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، شاداب خان نے آخری اوور میں 3 شاندار چھکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کو فائٹنگ ہدف تک پہنچایا، شاداب خان نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد رضوان 26 اور آصف علی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ بابر اعظم نے 23، فخرزمان نے 17، شعیب ملک نے 18،حسین طلعت 3، عماد وسیم 19،فہیم اشرف 4 اور محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب بولر ہینڈرکس رہے جنہوں نے 4 شکار کیے، مورس کے حصے میں 2، سپملا اور پھلکوایو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس میچ کے لیے میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، عثمان شنواری اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرچکی ہے، پہلے دونوں میچوں میں ہدف کے تعاقب کرتے ہوئے گرین کیپس بھرپور مقابلے کے باوجود فتح سے ہمکنار ہونے میں ناکام رہی۔
Load Next Story