سلمان خان نئی مشکل میں پھنس گئے

تحفظ ماحولیات کارکنان نے سلمان خان کی جائیداد میں موجود درخت کاٹنے پر اعتراض اٹھایاہے


ویب ڈیسک February 07, 2019
درخت رکاوٹ نہیں بن رہا بلکہ انتظامیہ اسے اپنے فائدے کیلئے کاٹنا چاہتی ہے، تحفظ ماحولیات کارکن فوٹوفائل

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان ابھی پچھلے تنازعات سے باہر نکلے نہیں تھے کہ ان پر ایک نئی مصیبت آپڑی۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اکثر مختلف تنازعات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ابھی ان پر سے پچھلے مقدمات ختم نہیں ہوئے تھے کہ ایک اورنئی مصیبت میں گرفتار ہوگئے۔ دراصل سلومیاں کی ممبئی کے علاقے کھار میں جائیداد ہے جو انہوں نے ایک فوڈ کمپنی کو کرائے پر دے رکھی ہے۔ اس جائیداد میں ایک بہت پرانا درخت لگا ہوا ہے فوڈ کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ درخت پارکنگ ایریا میں موجود ہے جس کی وجہ سے آنے جانے والوں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے علاوہ یہاں فائر انجن بھی ہے لہٰذا کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں یہ درخت رکاوٹ بن سکتاہے اسلیے فوڈ کمپنی انتظامیہ اس درخت کو کاٹنا چاہتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس میں غیرقانونی تعمیرات مسمار

دوسری طرف تحفظ ماحولیات کے کارکن اس درخت کو کاٹنے کے خلاف ہیں ان کا کہنا ہے کہ درخت ایمرجنسی صورتحال میں نہیں بلکہ عمارت کی سجاوٹ میں رکاوٹ بن رہا ہے اور انتظامیہ اس درخت کو اپنے فائدے کے لیے کاٹنا چاہتی ہے لہٰذا انہوں نے اس اقدام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کے پاس شکایت درج کرائی ہے۔ بی ایم سی اس مسئلے پر ایک ہفتے کے اندر اپنا فیصلہ سنائے گی۔

دوسری جانب اس معاملے پر فی الحال اداکار سلمان خان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیاہے۔ واضح رہے کہ سلمان خان سے قبل اداکار شاہ رخ خان بھی گزشتہ برس اسی طرح کے تنازع کا شکار ہوچکے ہیں۔ بی ایم سی کی جانب سے ان کی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹنمنٹ کے آفس میں موجود کیفے ٹیریا کو مسمار کردیاگیاتھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں