آمدن سے زائد اثاثہ کیس علیم خان نیب کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے

نیب نے ابتدائی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کرکے علیم خان کا 8 روزہجسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے


ویب ڈیسک February 07, 2019
نیب نے احتساب عدالت سے علیم خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے۔ فوٹو : فائل

KARACHI: پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان ایک ارب روپے سے زائد رقم کے بارے میں نیب کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

نیب کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہے جس کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب لاہور علیم خان کیخلاف 12 کمپنیوں کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے، علیم خان نے مجموعی طور پر 35 کمپنیاں بنا رکھی ہیں، نیب کی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق صوبائی وزیر علیم خان نے 35 کمپنیاں 2003 سے 2013 میں بنائی اور ان 35 کمپنیوں میں 1 ارب روپے سے زائد رقم کے متعلق علیم خان نیب کی تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہیں کر سکے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : علیم خان جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

تفتیشی رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا کہ علیم خان نے 900 کنال زمین خریدی جسکی مالیت 600 ملین روپے ہے، اور علیم خان 600 ملین روپے کی اس رقم کے بارے میں بھی نیب کی تحقیقاتی ٹیم کو کوئی تسلی بخش جواب دے کر مطمئن نہیں کرسکے۔

نیب علیم خان کیخلاف آف شور کمپنیوں سے متعلق بھی تحقیقات کررہا ہے اور تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ علیم خان کی دبئی میں آف شور کمپنیوں سے بنائے گئے اثاثہ جات کی مالیت 30 ملین یو اے ای درہم ہے، نیب نے اپنی ابتدائی تفتیشی رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کر کے علیم خان کا 8 روز کا جسمانی ریمانڈ لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں