آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں مصباح الحق کی ترقی اور سعید اجمل کی تنزلی

بیٹنگ کے شعبے میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں ہاشم آملہ اور ابراہم ڈی ویلئیرز براجمان ہیں


ویب ڈیسک July 25, 2013
کپتان مصباح الحق ایک درجے ترقی پاکر آٹھویں سے ساتویں نمبر پر آگئے جب کہ سعید اجمل 2درجے تنزلی سےچوتھے نمبرپرآگئے فوٹو : فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں کھلاڑیوں کی نئی ریننگ جاری کردی گئ ہے جس کے مطابق کپتان مصباح الحق ترقی کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں تاہم جادوگر اسپنر سعید اجمل کی درجہ بندی تنزلی کی جانب گامزن ہے۔

ون ڈے کرکٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کے مطابق بیٹنگ کے شعبے میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں ہاشم آملہ اور ابراہم ڈی ویلئیرز براجمان ہیں، تیسری پوزیشن پربھارت کے ویرات کوہلی ہیں۔ جبکہ کپتان مصباح الحق کو ویسٹ انڈیز میں اچھی کارکردگی کا صلہ رینکنگ کی بہتری کی صورت میں ملا اور وہ ایک درجے ترقی پاکر آٹھویں سے ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے کرکٹ کی بولرز کی رینکنگ میں پہلے نمبر پرویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن، انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیفن فن دوسرے جبکہ انگلینڈ کے ہی جیمز اینڈرسن تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل ویسٹ انڈیز کے خلاف نمایاں کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے دوسرے سے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے فارمیٹ میں آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے جبکہ آسٹریلیا کے شین واٹسن دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں پروفیسر کے نام سے پہچانے جانے والے محمد حفیظ کا نمبر تیسرا ہے، بوم بوم آفریدی بھی آل راؤنڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں