ویمنز ورلڈ ٹی 20 کوالیفائرز پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن

زمبابوے 72 رنز سے ناکام، ثنا میر اوربسمہٰ کی ففٹیز، سری لنکا کیخلاف جاپان 21 پر ڈھیر


Sports Desk July 26, 2013
آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر میں زمبابوے کیخلاف پاکستانی کپتان ثنا میر کا جارحانہ اسٹروک۔ فوٹو: آئن جیکب فوٹوگرافی

KARACHI: آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی20 کوالیفائرز میں پاکستان نے زمبابوے کو 72 رنز سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن بنالیا۔

کپتان ثنا میر اوربسمہٰ معروف کی ناقابل شکست نصف سنچریوں نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ گروپ بی سے سری لنکا نے جاپان کو 10 وکٹ اور میزبان آئرلینڈ نے کینیڈا کو77 رنز سے ہراتے ہوئے فائنل فور میں قدم رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ میں جاری ایونٹ میں زمبابوے کیخلاف ٹاس جیت کر گرین شرٹس نے بیٹنگ کو ترجیح دی، یہ فیصلہ درست نہ رہا اور 35 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں، جویریہ خان اور ارم جاوید صفر پر رخصت ہوئیں جبکہ ناہیدہ خان نے 20 اور نین عابدی نے 10 رنز بنائے، مشکل وقت میں کپتان ثنا میر اور بسمہٰ معروف نے پانچویں وکٹ کی شرکت میں 116 رنزجوڑتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔



مقررہ 20 اوورز میں مجموعی اسکور142 تک پہنچ گیا، بسمہٰ نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 51 اور ثنا نے46 بالز پر50 رنز بنائے، جوزفین نکومو نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زمبابوین ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر صرف 70 رنز ہی بنا سکی،چھیپو موگیری 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، قنیطہ جلیل اور ندا ڈار نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔دیگر میچز میں میزبان آئرلینڈ نے کینیڈا کو 77 رنز سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں قدم رکھا دیا۔ تھائی لینڈ نے ہالینڈ کو 6 وکٹ سے زیر کیا۔ سری لنکن ٹیم جاپان کو10 وکٹ سے روندتے ہوئے فائنل فور میں پہنچ گئی، جاپانی ٹیم 21 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں