حبیب بینک نے پورٹ قاسم کی پیشقدمی ختم کردی

رمضان کرکٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں 14 رنز سے شکست دی،حسن رضا کے ناقابل شکست 58 رنز نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔۔۔


Sports Reporter July 26, 2013
پی سی بی رمضان 20 ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ: حبیب بینک کے حسن رضا کا زور دار شاٹ، انھوں نے پورٹ قاسم کے خلاف 58 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا۔ فوٹو: پی سی بی

پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حبیب بینک نے پورٹ قاسم کی پیشقدمی ختم کردی۔

سیمی فائنل میں حسن رضا کی ناقابل شکست نصف سنچری نے ٹیم کو 14 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا، سرمد انور نے 3 وکٹیں لیں، ابتدائی4 اوورز میں 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے والے ناکام ٹیم کے محمد طلحہٰ کی محنت رائیگاں گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گزشتہ شب دوسرے سیمی فائنل میں حبیب بینک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں7 وکٹ پر148 رنز بنائے،کپتان یونس خان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ابتدامیں درست نہ لگا،محمد طلحہٰ نے زبردست اسپیل کراتے ہوئے ابتدائی 4 اوورز میں 3 وکٹیں اپنے نام کرکے مخالف ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا،پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب اسد بیگ(5) کا کامران یونس نے کیچ تھام لیا، فہد مسعود نے11رنز پر محمد سلام کو کیچ تھما دیا۔

21 رنز پر دوسری وکٹ کھونے والی ٹیم کو اسی اوور کی آخری گیند پر تیسرا صدمہ برداشت کرنا پڑا،8 گیندوں کا سامنا کرنے والے عمران فرحت 5 رنز جوڑنے کے بعد پویلین لوٹ گئے،ان کا کیچ محمد سلمان نے لیا، 30 کے مجموعی اسکور پر چوتھی وکٹ بھی گر گئی، عبدالرؤف نے شان مسعود(4) کو بولڈ کرکے پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا، سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان بیٹنگ کرنے آئے تو بینک کی نظریں ان پر تھیں، مگر تابش نواب نے ڈھلتی عمر کے شکار یونس کی وکٹیں اڑا دیں، انھوں نے 14 گیندوں پر محض8 رنز بنائے،47 رنز پر 5 وکٹیں کھونے کے بعد پلیئر آف دی میچ حسن رضا اور ہمایوں فرحت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو استحکام بخشا، 14ویں اوور کی پانچویں گیند ہمایوں فرحت کیلیے خطرناک ثابت ہوئی، وہ 13 گیندوں پر ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنانے کے بعد تابش نواب کا شکار بن گئے۔



کیچ افسر نواب نے لیا، یوں مجموعی اسکور6 وکٹ پر 93 رنز ہو گیا، 134 کے اسکور پر ساتواں شکار کامران حسین بنے،19ویں اوور کی آخری گیند پر انھیں کامران یونس نے عبدالرؤف کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، کامران نے 2 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مد د سے16 گیندوں پر30 رنز بنائے، انھوں نے حسن رضا کے ہمراہ قیمتی 41 رنز کا اضافہ کیا،مقررہ اوور کے خاتمے پرحسن58 رنز پر ناقابل شکست رہے،انھوں نے 42 گیندوں کا سامنا کیا اور2 چھکے و5 چوکے لگائے، احسان عادل ایک رن پرناٹ آؤٹ رہے، محمد طلحہٰ نے29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں،تابش نواب نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، عبدالرؤف کے حصے میں ایک وکٹ آئی، ہدف کے تعاقب میں پورٹ قاسم کی آدھی ٹیم 75 رنز پر پویلین لوٹ گئی،20 رنز پر پہلی وکٹ گری جب شاہ زیب حسن(19) کا حسن رضا نے احسان عادل کی گیند پر کیچ لیا،53 رنز پر خرم منظور (5) کی اہم وکٹ سرمد انور کے نام رہی جبکہ ہمایوں فرحت نے کیچ تھاما۔

72 کے مجموعی اسکور پرکامران یونس بھی14رنز جوڑ کر پویلین لوٹ گئے، 75 رنز پر ٹیم کو لگاتار 2 دھچکے لگے، خالد لطیف 33 گیندوں پر34 رنز بنانے کے بعد سرمد انور کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے،انھوں نے 4 چوکے بھی لگائے، اگلی گیند پر افسر نواز کو سرمد انور نے رخصتی کا پروانہ تھما دیا، کیچ شان مسعود نے لیا، 94 کے اسکور پرمحمد طلحہ (12) کوشان نے رن آؤٹ کر دیا،12رنز کے اضافے سے دانیال احسان بھی 9 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے، انھیں عبدالامیر نے فہد مسعود کی مدد سے آؤٹ کیا، عبدالرؤف(6) رن آؤٹ ہوئے تو پورٹ قاسم کے جیتنے کا امکان ختم ہو گیا، آخری اوور کی دوسری گیند پر جب اسکور 130 رنز ہوا تو اعظم حسین (6) کو بھی ہمایوں فرحت نے رن آؤٹ کر دیا،مقررہ اوورز کے اختتام پر ٹیم 9 وکٹیں گنوا کر134 رنزبنا سکی،محمد سلمان 3 چوکوں کی مدد سے26 گیندوں پر 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،سرمد انور نے26 رنز دے کر3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،احسان عادل،کامران حسین اورعبدالامیر کو 1،1 وکٹ ملی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں