پی ایس بی ڈگریاں تصدیق کے لیے بھجوائی جائیں گی

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ملازمین کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ طلب کر لی

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ملازمین کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ فوٹو: فائل

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈکے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

اسی کے ساتھ کارکردگی کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جائے گا،انتظامیہ ہر ہفتے رپورٹ جمع کرائے گی، جس کے بعد تنخواہوں اور دیگر مراعات کا فیصلہ کیا جائے گیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ وزارت نے پی ایس بی انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی کہ ملازمین اور سینئر گریڈ افسران سے ہفتہ وار رپورٹ حاصل کی جائے۔واضح رہے کہ پی ایس بی میں میڈیکل، فنانس، ٹیکینکل،ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشن، ڈائریکٹرسہولیات، ڈائریکٹر اسپیشل ڈیوٹی، ڈائریکٹر پبلک ریلشنز اور دیگر شعبے قائم ہیں۔




وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلیے پی ایس بی کو درست کرکے ہی دم لوں گا،چند ماہ میں ادارے کی ساکھ کو بحال کیا جائے گا۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سفارش کلچر کو چھوڑ کر صرف میرٹ پر کام کیے جائیں گے، مجھے معلوم ہے کہ چند افرادگھر بیٹھ کر بھاری تنخواہیں وصول کررہے ہیں،ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی جائے گی اور تمام شعبوں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا،پی ایس بی پاکستان کا اہم ترین ادارہ ہے ہمارے اقدمات کے دور رس نتائج سامنے آ ئیں گے،ہفتہ وار رپورٹ شعبے کے سربراہ کی ذمہ داری ہوگی اوراس کی بنیاد پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
Load Next Story