نسلی تعصب پر سخت سزائیں کرکٹرز کی منتظر ہوں گی

پہلی بارغلطی پر 4 سے 8 میچزکی معطلی،حرکت دہرانے پرتاحیات پابندی کاسامنا


Express News/Sports Reporter February 10, 2019
پہلی بارغلطی پر 4 سے 8 میچزکی معطلی،حرکت دہرانے پرتاحیات پابندی کاسامنا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے انسداد نسلی تعصب کوڈ جاری کردیا تاہم خلاف ورزی پر سخت سزائیں کرکٹرز کی منتظر ہوںگی۔

دورہ جنوبی افریقہ میں کپتان سرفراز احمد کی جانب سے نا دانستگی میں اینڈل فیلکوایو کے بارے میں جملے نسلی تعصب کے الزامات کی زد میں آئے، آئی سی سی نے انھیں 4میچز کیلیے معطل کردیا۔

اس واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے وضع کیے جانے والے کوڈ آف کنڈکٹ کی منظوری جمعرات کو گورننگ بورڈ اجلاس میں دیدی گئی تھی،اب اس کی کاپی پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے،17 صفحات پر مشتمل ضابطہ اخلاق کا اطلاق تمام کھلاڑیوں، مینجمنٹ امپائرز اور ریفریز پر پی سی بی کے زیر اہتمام تمام میچز کے دوران ہوگا۔

انسداد نسلی تعصب کوڈ میں مصالحت کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے، پہلے مرحلے پر فریقین کی آپس میں اور پھر پی سی بی کی موجودگی میں مصالحت کا موقع ہوگا، پہلی بار اینٹی ریسزم کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑی یا مینجمنٹ اسٹاف کو 4سے 8 میچز کیلیے معطل کیا جا سکے گا، دوسری بار ایسی غلطی دہرائے جانے پر 8میچوں سے تاحیات پابندی تک کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، تیسری بار خلاف ورزی پر ایک سال سے تاحیات پابندی لگ سکے گی۔

امپائر یا کسی میچ آفیشل نے پہلی بار ایسی غلطی کی تو ایک سے 3ماہ کی معطلی ہوگی، دوسری بار ایسا عمل دہرایا تو سزا 3ماہ سے تاحیات، تیسری مرتبہ کوڈ کی خلاف ورزی پر ایک سال سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا، سزایافتہ کھلاڑی یا آفیشل کو انسداد نسلی تعصب تعلیمی پروگرام میں میں شرکت کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ اس کوڈ آف کنڈکٹ کا اطلاق پی ایس ایل کے 14فروری کو شروع ہونیوالے چوتھے ایڈیشن سے ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں