ایم کیو ایم کا مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدار کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

جمہوریت کے استحکام کے لئے ممنون حسین کی غیر مشروط حمیات کا اعلان کیا، خالد مقبول صدیقی فوٹو: اے پی پی

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے مسلم لیگ(ن) کے صدارتی امیدوار ممنون حسین کی حمایت کا اعلان کیا ہے جب کہ مسلم لیگ(ن) نے ایم کیوایم کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

کراچی میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں وزیر اطلاعات پرویز رشید، اقبال ظفر جھگڑا، صدارتی امیدوار ممنون حسین، سلیم ضیا اور نہال ہاشمی پر مشتمل مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے اراکین اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم سے مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار ممنون حسین کی حمایت کی درخواست کی، دوران ملاقات مسلم لیگ (ن) کے وفد کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے بھی ٹیلی فون پر بات ہوئی جس میں انہوں نے ممنون حسین کی غیر مشروط حمایت کا باقاعدہ اعلان کیا، اس موقع پر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ملکی مسائل پر حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کو مرکزی حکومت میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔


ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے مسائل سب کو مل کر حل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے وزیر اعظم نواز شریف سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، صدارتی امیدوار ممنون حسین نے غیر مشروط حمایت پر ایم کیو ایم کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایک پارٹی کے نہیں بلکہ پورے ملک کے صدر بنیں گے اور کراچی سے تعلق ہونے کے باعث خصوصی طور پر کراچی کے مسائل حل کریں گے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے جمہوریت کے استحکام کے لئے ممنون حسین کی غیر مشروط حمیات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت دہشت گردی، جہالت اور غربت سمیت تمام ملکی مسائل حل کرے گی۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کا وفد جب نائن زیرو پہنچا تو رابطہ کمیٹی کے اراکین، ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ نائن زیرو آمد سے قبل مسلم لیگ (ن) کے وفد نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایکسپریس نیوز نے گزشتہ روز ہی ایم کیو ایم کے اس فیصلے سے متعلق اپنے ناظرین کو آگاہ کردیا تھا جس کی اب باقاعدہ تصدیق ہوگئی ہے۔
Load Next Story