شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی درخواست مسترد

نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں، اب نیب اپنی مرضی کے بینچ بنوائے گا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

معذرت خواہ ہوں، اب ایسا نہیں ہوتا، نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ۔ فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی رہائی سے متعلق سماعت کرنے والے بینچ کی تبدیلی کے خلاف نیب درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنیوالے بنچ کیخلاف نیب کے اعتراض پر سماعت کی۔ اس موقع پر نیب پراسکیوٹر نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے زبیر کیس کی روشنی میں موجودہ بنچ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کر سکتا، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ اس کیس میں شریک ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر چکا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شہباز شریف کی درخواست ضمانت، نیب نے بینچ تبدیلی کے لیے درخواست دائر کردی


چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں، اب ایسا نہیں ہوتا، نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں، اب نیب اپنی مرضی کے بینچ بنوائے گا۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سماعت میں وقفے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے شہباز شریف کی رہائی سے متعلق نیب کی بینچ تبدیلی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے ریمارکس میں کہا کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت موجودہ بینچ ہی کرے گا۔
Load Next Story