بازاروں میں عید خریداری شروع خواتین کارش مارکیٹیں سحری تک کھلنے لگیں

پتھاروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ اور عارضی طور پر لگائے گئے اسٹالز بھی سج گئے

مقامی تجارت کے علاوہ عید اور عید کے فوری بعد شادیوں کے سیزن کیلیے 25 تا 30 ارب روپے کا مال ملک کے مختلف شہروں سے منگوایا جاتا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی کے اہم تجارتی مراکز افطار کے بعدکھلنا شروع ہوگئے جس سے عید کی روایتی خریداری کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

مارکیٹوں میں گہما گہمی سے شہر کی رونقیں بحال ہوگئیں، رواں سال رمضان کے پہلے عشرے میں ہی کاروبار افطار کے بعد کھلنا شروع ہوگئے تھے، پتھاروں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ اور عارضی طور پر لگائے گئے اسٹالز بھی سج گئے، افطار کے بعد کھلنے والے تجارتی مراکز میں کلفٹن، ڈیفنس، طارق روڈ، بہادر آباد، صدر، اللہ والی مارکیٹ، جامع کلاتھ، عیدگاہ کلاتھ مارکیٹ، جوبلی کلاتھ مارکیٹ، اولڈ سٹی ایریا،لیاقت آباد، حیدری مارکیٹ، ناظم آباد اور دیگر علاقوں کی مارکیٹیں شامل ہیں، رمضان کے دوسرے عشرے میں شہر کے دیگر شاپنگ سینٹرز اور دکانوں میں بھی عید نائٹ شاپنگ کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے بتایا کہ کراچی میں دنیا کا سب سے بڑا عید تہوار منایا جاتا ہے، عید سیزن سیل کیلیے کراچی میں ہر سال تقریباً70تا 80ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔




جبکہ محتاط اندازے کے مطابق عید پر خریداری کا تخمینہ 40 تا 50 ارب روپے لگایا گیا ہے، مقامی تجارت کے علاوہ عید اور عید کے فوری بعد شادیوں کے سیزن کیلیے 25 تا 30 ارب روپے کا مال ملک کے مختلف شہروں سے منگوایا جاتا ہے جن میں ریڈی میڈ گارمنٹس، کپڑوں پر کڑھائی، جوتے، ہوزری، چوڑیاں، کاسمیٹکس ،فرنیچر، آرائش کا سامان، ہینڈ میڈ کارپٹ ، خواتین کے پرس، مہندی، پردے ، مختلف اقسام کا کپڑا،کھلونے، کراکری، آرٹیفیشل جیولری اور دیگر سامان شامل ہے،انھوں نے کہا کہ پتھارے دار ، دکاندار اور کارخانے دار طبقہ سال بھر عید سیزن سیل کا انتظار کرتا ہے ۔

جس کیلیے دل کھول کر سرمایہ کاری کی جاتی ہے،رواں سال عید کی روایتی خرید و فروخت سیکیورٹی اداروں کی بہتر کارکردگی پر منحصر ہے،تاجر اور دکاندار منافع کم، سیل زیادہ کا اصول اپنائیں، عید کی خوشیوں میں 80فیصد حصہ بچوں کے اہتمام کا ہوتا ہے، متوسط اور غریب طبقہ کم سے کم 500روپے فی کس جبکہ پوش گھرانوں کے افراد اوسطاً 50 ہزار روپے فی کس تک خرچ کرتے ہیں،شہر میں امن و امان کی بہتری اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی سے امسال عید شاپنگ کا حجم 50ارب روپے سے بڑھ سکتا ہے۔
Load Next Story