دہشت گردی کیخلاف نئی حکمت عملی پرتاجروں کاخیرمقدم

80 فیصد سے زائد جرائم میں موبائل فون استعمال ہو رہے ہیں


Business Reporter August 24, 2012
عید پر موبائل فون سروس بندکرنے سے قیمتی جانیں بچ گئیں، دہشت گرد ناکام ہوئے، تاجر برادری۔ فوٹو: فائل

تاجربرادری نے عیدالفطر کے موقع پر کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظرمحدود دورانیے کیلیے موبائل فون سروس کی بندش کی حکمت عملی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیشگی حکمت عملی نے دہشت گردوں کی پلاننگ کو سبوتاژ کرتے ہوئے معصوم قیمتی جانوں کو ممکنہ ضیاع سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرمیاں ابرار احمد نے اس نوعیت کے قبل ازوقت اقدامات کووقت کی اہم ضرورت قراردیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وصوبائی وزارت داخلہ کی ذمے داری ہے کہ حالیہ اقدام اور اسکے مطلوبہ نتائج کو مثال بناتے ہوئے ملک اور شہر کو دہشت گردی ودیگر جرائم سے پاک کرنے کیلیے طویل المدت اور موثر حکمت عملی ترتیب دیں۔

انھوں نے وزارت داخلہ کی جانب سے حقیقی صارف کی شناخت اور جرائم پرقابو پانے کیلیے پری پیڈ سروس موبائل فون کی سموں کی بندش فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ موبائل فون کو دہشت گردی، بھتہ خوری اور جرائم پیشہ افراد کے استعمال سے روکنے کیلیے کراچی چیمبر آف کامرس نے وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک کوکراچی چیمبر کے متعدد دوروں کے موقع پرتجاویز پیش کیں اور مطالبہ کیاکہ ایسی تمام موبائل سموں کو بلاک کر دیا جائے جو بغیر قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے جاری کی گئی ہیں، چوری شدہ ہیں یا جعلی ناموں پرجاری کی گئی ہیں۔

کراچی چیمبر نے ایسے تمام درآمدی موبائل فون جن کی آئی ایم ای آئی نمبر یکساں ہیں کو بھی بلاتاخیر جام کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ موبائل فون کی سروس مہیا کرنے والی کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنانے پر زور دیاکہ وہ ان تمام موبائل فونزکی تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کرے، کسی بھی موبائل سمِ کو اس وقت تک قابل استعمال نہ بنایا جائے جب تک موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر مہیا نہ کیا جائے، نیز کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہو اور نئی سمِ بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک یا کوریئر سروس سے شناختی کارڈ پردیے گئے پتے پرصارف کو بھیجی جائے۔

بالآ خر وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کراچی چیمبر کے مطالبے کی حقیقت اور اہمیت کو تسلیم کر لیا اور کئی مرتبہ اس بات کا ذاتی طو پر بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ کراچی میں مخصوص آئی ایم ای آئی نمبرزکے حامل موبائل فونز اور غیررجسٹرڈ و غیر قانونی سمیں ہی جرائم پیشہ عناصرکے زیر استعمال ہیں، وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے گزشتہ 2سال میں اس بات کا وعدہ کیاتھا کہ وہ کراچی چیمبر کے مطالبات وتجاویز پرعملدرآمدکریںگے کیونکہ مذکورہ تجاویز پاکستان اور اس کے باسیوں کے وسیع تر مفاد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 80 فیصد سے زائد جرائم میں موبائل فون استعمال ہو رہے ہیں۔

لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ان تجاویز کو بغیر کسی تاخیر کے نافذالعمل کیا جائے،کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری پرامیدہے کہ پری پیڈ سروس کو بلاک کرنے کے فیصلے پربلاتاخیر عمل درآمد کیا جائے گا اور موبائل فون کے سسٹم کو منظم قانونی دائرے میں لایا جائے گا کیونکہ انسانی جان کسی بھی سیلولر موبائل سسٹم سے زیادہ اہم اور قیمتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں