وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان

تمام ٹرینوں کے اے سی سلیپر کے کرایوں میں44فیصد کمی اورکراچی لاہورسیکشن پر چلنے والی ٹرینوں کا کرایہ 3500روپے کردیا گیا


ویب ڈیسک July 27, 2013
عید الفطر کے موقع پر خصوصی ٹرینیں بھی لائی جائیں گی جس کے روٹس کا اعلان آئندہ 3 روز میں کردیا جائے گا۔ وزیر ریلوے ۔ فوٹو: این این آئی

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نےآئندہ 3 ماہ کےلئے نجی شعبے کے تحت چلنے والی ٹرینوں کے سوا تمام روٹس کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے نے کہا کہ موجودہ حکومت خسارے میں چلنے والے اداروں کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اسی لئے ریلوے کرایوں میں کمی کی جارہی ہے تاکہ عوام کی جانب سے ٹرین میں سفر کا رجحان بڑھے اور ادارے کے مالی نقصان میں کمی ہو، اس مقصد کے تحت آئندہ 3 ماہ کے لئے ملک بھر میں برانچ لائنز کرایہ 35 کے بجائے 20 روپے کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ تمام ٹرینوں کے اے سی سلیپر کے کرایوں میں 44 فیصد کمی جارہی ہے، کراچی لاہور سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں کا کرایہ 4200 سے کم کرکے 3500روپے جبکہ سکھر ایکسپریس کا کرایہ 1120سے 600 روپے کردیا گیا، تاہم نئے کرایوں کا اطلاق نجی شعبے کے تحت چلنے والی ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ عید الفطر کے موقع پر خصوصی ٹرینیں بھی لائی جائیں گی جس کے روٹس کا اعلان آئندہ 3 روز میں کردیا جائے گا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ٹرین حادثے کی رپورٹ مل گئی ہے جس کے تحت حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 30 کلو میٹر فی گھنٹہ ہونی چاہیئے تھی لیکن اس وقت ٹرین کی رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کے قریب تھی، حادثے کی تفصیلی رپورٹ مانگی ہے تاکہ مزید تحقیقات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف چالان بنا کر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔