سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت بھی سرگرم ہوگئی

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے17فروری کو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں فوٹوفائل

سعودی ولی عہد سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی سرگرم ہو گئی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے مشترکہ دوستوں کے ذریعے سعودی ولی عہد اور شہباز شریف کی ملاقات طے کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے17 فروری کو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ سعودی شہزادے کے پہلے دورہ پاکستان کے لیے جہاں حکومتی تیاریاں عروج پر ہیں تو وہیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی ملاقات کے لیے لیگی قیادت نے بھی سر جوڑ لیے ہیں۔ (ن) لیگ کے سینئر رہنماؤں، سینٹرز اور سابق سفارت کاروں کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ملاقات کے لیے سر توڑ کوششیں اور بیک ڈور رابطےجاری ہیں اور اس سلسلے میں سعودی سفارت خانے سے خصوصی رابطے بھی ہوئے ہیں۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تیاریاں زور و شور سے جاری

ذرائع کے مطابق تاحال شہبازشریف اور ولی عہد کی ملاقات کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ جہاں ملکی معاشی صورتحال میں سعودی ولی عہد کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہیں ان کی پاکستان میں موجودگی کے دوران سیاسی اتار چڑھاؤ بھی آسکتے ہیں۔

سعودی عرب کا ماضی میں پاکستان کی سیاست میں کردار رہا ہے سابق بادشاہ شاہ عبداللہ کے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے خصوصی مراسم تھے یہی وجہ ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
Load Next Story