تاجروں نے ایم کیوایم اور ن لیگ مفاہمت کو خوش آئند قرار دیدیا

وزیراعظم نواز شریف اور الطاف حسین نے سیاسی پختگی کا ثبوت دیا، ایف پی سی سی آئی

سیاسی قوتیں، دہشتگردی واقتصادی بحران سے نمٹنے کیلیے متحد ہوں، زبیر ملک و ایس ایم منیرو دیگر۔ فوٹو: فائل

فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے متحدہ قومی موومنٹ کے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدارتی امیدوار کی حمایت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک، ایس ایم منیر، نائب صدور گلزار فیروز، شاہین الیاس سروانہ، نوید جان بلوچ، عبدالخالق خان، اظہر سعید بٹ، محمدعلی، محمد ظفر جلیل خان اور رخسانہ جہانگیر کھوکھر نے ایم کیوایم کے صدارتی انتخاب میں پی ایم ایل (این) کے امیدوار کی غیرمشروط حمایت کے فیصلے کو سراہا۔

اپنے مشترکہ بیان میں بزنس کمیونٹی کے ان رہنماؤں نے ملکی فلاح وبہبود کے لیے مفاہمت پر پہنچنے پر وزیراعظم میاں نوازشریف، ایم کیوایم چیف الطاف حسین اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کے ویژن اور سیاسی پختگی کی تعریف کی۔




تاجر رہنماؤں نے دونوں پارٹیوں کی جانب سے سیاستی اختلافات کو پاکستان کے بہتر مفاد میں ایک طرف رکھنے کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہاکہ ملک کو اس وقت متعدد مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے، سیاسی قوتوں کو دہشت گردی، اقتصادی بحران، توانائی کی قلت اور مہنگائی سے نمٹنے کے لیے متحد ہونا ہوگا، اس سلسلے میں ایم کیو ایم اور پی ایم ایل (این) نے تعاون کے لیے بہتر اقدام کیا جو دوسری سیاسی پارٹیوں کے لیے بھی ایک بہتر مثال ہے۔ ایف پی سی سی آئی نے دونوں سیاسی پارٹیوں کے ممنون حسین پر بطور صدارتی انتخاب اتفاق رائے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ممنون حسین ایک ایماندر، کہنہ مشق بزنس مین ہیں اور کاروباری برادری میں اچھی شہرت کے حامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم اور صدارتی امیدوار ممنون حسین دونوں کا تعلق کاروباری برادری سے ہے جس کے نتیجے میں حکومت کو تاجروں کو درپیش مسائل کے حل میں اقدامات لینے میں مدد ملے گی اور نئی قابل قیادت آنے سے پاکستان کے اقتصادی مسائل بھی حل ہونے کی امید ہے، ساتھ ہی مقامی وغیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی حال ہونے کی توقع ہے۔
Load Next Story