شہزادہ محمد کی آمد موبائل فون بند اور اسلام آباد کی فضائی حدود بند رہے گی

اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی، ڈرون یا اس جیسے کھلونے نما ہیلی کاپٹروں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم


عمران اصغر February 14, 2019
سیکیورٹی اہلکار اہم شاہراہوں پر تعینات کیے جائیں گے، ایکسپریس ہائی وے وی وی آئی پی موومنٹ کیلیے بند کی جائے گی۔ فوٹو:فائل

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مثالی سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے 2روز تک راولپنڈی اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا۔

سعودی ولی عہد کے دورے دوران اسلام آباد کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع نے بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلیمان 16فروری کو 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے رہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سعودی شہزادہ کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں 1000 سے زائد سیکیورٹی چیک پوائنٹس ترتیب دیے جائیں گے،اہم شاہراہوں پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ 2 روز کے لیے بند رہے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد کی فضاوں میں تربیتی پروازیں معطل رہیں گی جبکہ ڈرون یا اس جیسے کھولنے نما ہیلی کاپٹروں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں کی میٹروبس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی اور مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بھی بند رہے گی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا ایئر اسپیس مکمل طور پر بند کردیا جائیگا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر تعینات کیے جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ ایکسپریس ہائے وے کو وی وی آئی پی موومنٹ کیلیے بند کی جائیگی،پشاور، کہوٹہ، مری سے آنیوالی ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔