سعودی عرب میں 620 اعلیٰ سرکاری اہلکاروں کی ڈگریاں جعلی ثابت

جن حکام کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئی ہیں ان میں 5 مختلف محکموں کے انڈر سیکریٹری، ڈائریکٹر اور جنرل انڈر سیکریٹری بھی ہیں۔

جعلی ڈگریوں والے سرکاری افسران میں سے 234 عہدے داروں کی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں بھی شامل ہیں۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے بعد سعودی عرب میں بھی سیکڑوں سرکاری اہلکاروں کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوگئی ہیں جس کے بعد حکومت کی جانب سے ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لئے دو ہزار سے زائد افسران نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں دے دی ہیں۔


جعلی ڈگریوں کے ذریعے پاکستان میں تو اعلیٰ سرکاری اور حکومتی عہدے حاصل کئے جاتے ہی ہیں لیکن اب سعودی عرب میں بھی اس اسکینڈل نے تہلکہ مچا رکھا ہے، عرب ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے سرکاری افسران کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل شروع کیا گیا تو ابتدا میں ہی 620 اہم سرکاری اہلکاروں کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوگئیں جن میں 234 عہدے داروں کی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں بھی شامل ہیں، جن اعلیٰ حکام کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئی ہیں ان میں 5 مختلف محکموں کے انڈر سیکریٹری، ڈائریکٹر اور جنرل انڈر سیکریٹری بھی ہیں۔

سعودی حکومت کی جانب سے جعلی ڈگری والوں کے خلاف سخت کارروائی کے عندیے کے پیش نظر 2 ہزار سے زائد سرکاری عہدے داروں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دے دی ہے۔
Load Next Story