کراچی فائرنگ سے پیپلزیوتھ کے عہدیدارسمیت 4 افراد ہلاک

لانڈھی میں فیکٹری کے اندر ایک شخص ہلاک،سہراب گوٹھ اورقائد آباد میں بھی فائرنگ

لانڈھی میں فیکٹری کے اندر ایک شخص ہلاک،سہراب گوٹھ اورقائد آباد میں بھی فائرنگ۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں4 افرادہلاک اور2 زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص کی بوری بند لاش ملی ۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ گلشن ضیاء جھگی ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے26 سالہ نازش عراقی ہلاک ہوگیا،پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے رہنماسلمان سندھی نے ایکسپریس کوبتایاکہ مقتولPS-95 سندھ پیپلز یوتھ ڈسٹرکٹ ویسٹ کا انفارمیشن سیکریٹری اور غیر شادی شدہ تھا واقعے کے وقت مقتول گھر کے قریب بسمہ اﷲ چوک پر واقع صدیق اکبر مسجد سے نماز عصرکی ادائیگی کے بعد واپس گھرآرہا تھا کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،سکھن کے علاقے لانڈھی پروسیسنگ زون سیکٹر52/A میں فیکٹری کے اندر فائرنگ سے32 سالہ سید عرفان ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقع کے وقت مقتول کی برابر والی مشین کے قریب کھڑا مکینک محمد ارشاد رپیٹر کی صفائی کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو امان اﷲ کی گردن میں لگ گئی پولیس نے ملزم محمد ارشاد اور فیکٹری کے چیف سیکیورٹی افسر عمر خان کو گرفتار کر کے مقتول کے بھائی سید ارمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ،سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی50سالہ انور ملتانی کو اس کے پڑوسی مظفر اور اس کے بھانجے کامران نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،قائد آباد کے علاقے مجید کالونی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے12سالہ نعمان اور16سالہ محمد علی زخمی ہو گئے۔


سہراب گوٹھ کے علاقے نیو سبزی منڈی کے ڈی اے روڈA/3 منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب زرداری پیٹرول پمپ کے عقب میں جھاڑیوں میں بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کانشانہ بنانے کے بعد سر پر گولی مار کرہلاک کیاتھا مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیزنہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جاسکے۔

دریںاثنا گلستان جوہر تھانے کی حدود حسین ہزارہ گوٹھ بلاک 11 راڈو اپارٹمنٹس کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی ، ایس ایچ او گلستان جوہر آصف رؤف کے مطابق لاش کے قریب سے ایک بغیر نمبر کا ٹی ٹی پستول اور 2 موبائل فون ملے ہیں جس سے شبہ ہے کہ مقتول جرائم پیشہ تھا اور اسے اس کے دیگر ساتھیوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ مقتول نے آسمانی رنگ کا قمیض شلوار پہنا ہوا ہے اور اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ، تیموریہ کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک L میں الہدیٰ کلینک کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر منصور نامی شخص کو زخمی کر دیا جبکہ کورنگی کے علاقے سیکٹر 50-A میں بھی ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 20سالہ شاہنواز کو ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کر دیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story