آزاد کشمیر خیبرپختونخوا میں سیلاب سے سیکڑوں مکان منہدم26 ہلاک

کوہ سلیمان پربارشوں نے تباہی پھیلا دی، متعدد بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع،چناب میںپانی کی سطح بلند‘نشیبی علاقے زیرآب


AFP/Numaindgan Express August 24, 2012
نوشہرہ کے علاقے اضاخیل میں سیلاب سے متاثرہ خاندان اپنے مکان سے بچاکھچاسامان نکال رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے آنے والے بدترین سیلاب اورلینڈسلائیڈنگ کے باعث سیکڑوں مکانات منہدم ہو گئے، پیر سے لے کر آج تک سیلاب سے مرنے والوںکی تعداد 26 ہو گئی، دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کوہ سلیمان اور فورٹ منرو پر بارشوں کے باعث رود کوہیوں نے تباہی پھیلا دی اورمتعدد بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے پیر سے لے کر اب تک چھ اضلاع میں 17 افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے، 685 گھر اور 125 دکانیں بھی تباہ ہو گئیں۔ انھوں نے بتایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلیے وفاقی حکومت سے مالی مددکی اپیل کی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ترجمان ارشاد بھٹی کے مطابق نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں سیلاب کے باعث مزید 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ صوبائی حکومت کے ایک عہدیدار عدنان خان کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے طفر اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں میں آنے والے سیلاب سے اب تک 21 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں، سیلاب سے اب تک 752 مکانات متاثرہوئے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے بونیرمیں واقع ریال پل متاثر ہوا جبکہ کوٹلی میں سات رابطہ پل بہہ گئے۔نمائندے کے مطابق پشاور میں گزشتہ شب اندرون شہر موسلادھار بارش نے تباہی مچادی۔ بجلی کے پرانے اور بوسیدہ تار بارش اور تیز ہوائوںکوبرداشت نہ کرتے ہوئے گرپڑے جس کی وجہ سے پوراشہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ آن لائن کے مطابق جنوبی وزیرستان اور آزادکشمیر میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کاکہناہے کہ گزشتہ روزکی طوفانی بارش سے 5سو مکانات کو نقصان پہنچا اوراس دوران مختلف حادثات میں 3افراد ہلاک ہوئے۔ بارش سے نشیبی علاقے زیراب اگئے ہیں اور وہاں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں موسلا دھار بارش کے بعدطغیانی آگئی۔ مظفر آباد کے نالوں میں طغیانی سے چہلہ بانڈی نثار کیمپ پیلہ نور شاہ ماکڑی اور لوئر پلیٹ کے 60سے زائد مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

بالاکوٹ اورگردو نواح میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچائی ہے۔ این این آئی کے مطابق میرپور کے نواحی علاقہ جنیال میں شدید بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔ آئی این پی کے مطابق جنوبی وزیرستان کے پہاڑی سلسلوں پر موسلادھار بارشوں کے باعث ٹانک میں سیلا بی ریلے داخل ہونے سے درجنوں دیہات زیر ِ آب آگئے۔ سیلا بی ریلوں میں دو خواتین سمیت دس سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں مویشی پانی میں بہہ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں