بھارتی جھنڈا لہرانے پر اسکول مالکان کیخلاف مقدمہ درج

ماما بے بی کیئر اسکول میں تقریب میں انڈین جھنڈا دکھانے اورگانے پر بچوں سے ڈانس کرایا گیا تھا


Staff Reporter February 17, 2019
غداری کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں اسکول ایڈمنسٹریٹر وپرنسپل کو بھی نامزد کیا گیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: فیروز آباد پولیس نے اسکول میں تقریب کے دوران انڈیا کا جھنڈا دکھانے اور انڈین گانے پر بچوں سے ڈانس کرانے کا مقدمہ اسکول انتظامیہ سمیت دیگر کے خلاف شہری کی مدعیت میں درج کرلیا۔

فیروز آباد پولیس نے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں واقع ماما بے بی کیئر اسکول میں تقریب کے دوران انڈین جھنڈا دکھانے اور گانے پر بچوں سے ڈانس کرانے کا مقدمہ نمبر 138/19 بجرم دفعات 121 ، 123 اور 124/34 کے تحت اسکول انتظامیہ ، مالکان ، ایڈمنسٹر اور پرنسپل کے خلاف درج کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ رضوان اکرام جو کہ نیو پولیس لائن کیماڑی کا رہائشی ہے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ کاروبار کرتا ہے اور مورخہ 10 فروری 2019 کو میں گھر پر تھا کہ مجھے بذریعہ دوستوں سے معلوم ہو کہ دن چار پانچ بجے ماما بے بی کیئر اسکول سرسید روڈ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں ایک پروگرام کرایا گیا جس میں پاکستان دشمن ملک انڈیا کا جھنڈا بڑی اسکرین پر لہرایا گیا اور اس انڈیا کے گانے پر بچوں کو بھی ڈانس کرایا گیا جس کی خبر بھی میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی نشر ہوئی جسے میں نے بھی دیکھا۔

مدعی نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کی اس طرح کے عمل سے میری اور پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے اور اس حرکت سے پاکستان کے خلاف مخالف پاکستان جذبات ابھارنے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ سراسر ملک غداری کے ذمرے میں آتی ہے اب میں تھانے پہنچا ہوں درخواست رپورٹ کرتا ہوں کہ اسکول انتظامیہ ، مالکان ، ایڈمنسٹریٹر اور پرنسپل کے خلاف قانونی کارروئی کی جائے ، جس پر پولیس نے رضوان اکرام کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں