لاہور چڑیا گھر کی موبائل ایپ تیار

شوقین افراد آن لائن ایپلی کیشن کی مدد سے اپنی پسند کے جانور اور پرندے گود بھی لے سکیں گے

موبائل ایپ اور ویب سائیٹ ایک نجی تعلیمی ادارے کی معاونت سے تیارکی گئی ہیں فوٹو: فائل

چڑیا گھر انتظامیہ نے شہریوں کے سہولت کے لئے لاہور زُو موبائل ایپ اور آفیشل ویب سائیٹ تیار کی ہے جنہیں اسی ماہ کے دوران لانچ کردیا جائے گا۔

موبائل ایپ اور ویب سائیٹ ایک نجی تعلیمی ادارے کی معاونت سے تیارکی گئی ہیں۔ موبائل ایپ کی مدد سے شہری ایک ٹچ کے ذریعے جانوروں اورپرندوں بارے معلومات حاصل کرسکیں گے، اس کے علاوہ شوقین افراد آن لائن ایپلی کیشن کی مدد سے اپنی پسند کے جانور اور پرندوں کو گود بھی لے سکیں گے جب کہ لاہور چڑیا گھر میں لائے جانے والے نئے جانوروں اورپرندوں بارے معلومات بھی ویب سائٹ اورموبائل ایپ کے ذریعے مہیاں کی جائیں گی۔


لاہور چڑیا گھر انتطامیہ کے مطابق ویب سائیٹ اور موبائل ایپ تیار ہوچکی ہیں تاہم ان کی باقاعدہ لانچنگ رواں ماہ متوقع ہے۔ ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو لاہور چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کے عالمی دنوں کی مناسبت سے منعقد ہونے والی مختلف تقریبات بارے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ پاکستان میں پہلی بار کسی سرکاری چڑیا گھر بارے مکمل معلومات آفیشل ویب سائیٹ اور موبائل ایپ پر دستیاب ہوں گی۔

لاہورچڑیا گھر حکام کے مطابق شہریوں میں جانوروں اورپرندوں بارے آگاہی پیدا کرنے کے لئے فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹا گرام پیج بھی فعال کئے جارہے ہیں، کچھ عرصہ قبل لاہور چڑیا گھر کا فیس بک پیج بنایا گیا تھا جو اب غیر فعال ہوچکا ہے۔ اس مقصد کے لئے لاہور چڑیا گھر کی ایجوکیشن آفیسر یا کسی اور قابل افسر کو یہ ذمہ داری عائد کی جائے گی کہ وہ سوشل میڈیا پیج کو اپ ڈیٹ کریں۔

حکام نے چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کی صحت بارے باخبر رہنے کے لئے متعلقہ افسران اورعملے کا وٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دے رکھا ہے جس میں ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر سمیت دیگرافسران شامل ہیں۔ اس وٹس ایپ گروپ میں لاہور چڑیا گھر میں جانوروں ، پرندوں کی افزائش ، اموات ، ان کی خوراک سمیت دیگر تمام ایشوز کو شیئر کیا جاتا ہے۔
Load Next Story