دوسرا ٹی ٹوئنٹی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 11 رنز سے ہرا کر سیریز بھی اپنے نام کرلی

عمر اکمل کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ذوالفقار بابر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔


ویب ڈیسک July 29, 2013
اکستان نے کالی آندھی کو پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں 3۔1 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی. فوٹو : وبلیو آئی بی سی

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں بھی ویسٹ انڈیز کو 11رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔

کنگزٹاؤن کے ارنوس ویلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم میں محمد عرفان، جنید خان اور ناصر جمشید کی جگہ سہیل تنویر، اسد علی اور حارث سہیل کو شامل کیا گیا۔ کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ابتداہی میں اس کی تین وکٹیں گرگئیں۔ کپتان حفیظ 10، عمرامین7 اورحارث سہیل 1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر احمد شہزاد نے چوتھی وکٹ پر عمر اکمل کے ساتھ چھتیس رنز کا اضافہ کیا۔ احمد شہزاد 46 گیندوں پر 44 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل 36 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پہلے میچ کے مین آف دی میچ شاہد آفریدی صرف 6 رنز بناسکے جبکہ حماد اعظم1 اور سہیل تنویر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر135 رنز بنائے۔ ذوالفقار بابر11 اور عمر اکمل 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نارائن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیزکا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا، صرف چار رنز پر ان کی تین وکٹیں گرگئیں۔ اس موقع پر براوو نے 35، سنیل نارائن نے 28 اور کیرن پولارڈ نے جارحانہ 23 رنز بناکر میچ کو دلچسپ بنادیا۔ آخری لمحات میں ٹینو بیسٹ نے دوچھکے مارکرسنسنی پھیلادی لیکن وہ عالمی چیمپئین ٹیم کوفتح سے ہمکنار نہ کراسکے اور میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے سعید اجمل،سہیل تنویر اور ذوالفقار بابر دو دو وکٹیں ووکٹیں لیکر نمایاں رہے۔

عمر اکمل کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ سیریز کے ذریعے اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کرنے والے ذوالفقار بابر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے کالی آندھی کو پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں 1۔3 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں