بالی ووڈ اقربا پروری کی زد میں

بولی وڈ میں آنے والے مشہور شخصیات کے نئے رشتے دارکامیابی کے لیے کوشاں ہیں


ثمرین رزاق July 30, 2013
بولی وڈ میں آنے والے مشہور شخصیات کے نئے رشتے دارکامیابی کے لیے کوشاں ہیں ۔ فوٹو : فائل

بھارت کی فلمی صنعت میں اپنے بچوں اور رشتے داروں کوفلموں میں متعارف کروانے کی روایت نئی نہیں ہے لیکن اب اس رجحان میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ماضی کے مشہوراداکاروں امیتابھ بچن،دھرمیندر،متھن چکرورتی،سری دیوی،شبانہ اعظمی،مہیش بھٹ،سلیم خان،راکیش روشن،فیروز خان سمیت دیگر بہت سے اداکاروں کے رشتے دار فلم نگری کاحصہ بنے، لیکن ان میں سے سلمان خان،ریتھک روشن،سنی دیول،ابھیشک بچن اور سیف علی خان کوہی اپنے والدین کی طرح پذیرائی مل سکی۔ ناکامی کا تناسب زیادہ ہونے کے باوجود اپنی اولاد و رشتے داروں کو فلموں میں متعارف کروانے کی دوڑ میں اب اداکاروں کے ساتھ ساتھ ہدایت کار اورپروڈیوسر بھی شامل ہو گئے ہیں۔ ہر سال فلم نگری سے وابستہ کوئی نہ کوئی مشہور شخصیت اپنے بچوں کی فلم کو پروموٹ کرنے میں سرکرداں دکھائی دیتی ہے۔

اب ہم بات کرتے ہیںممبئی فلم نگری کاحصہ بننے والے کچھ نئے چہروں کی، جن میں فلم ساز ڈیوڈ دھاون کے بیٹے ورون سرفہرست ہیں۔ ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ''اسٹوڈینٹ آف دی ائیر'' سے فلم نگری میں قدم رکھنے والے ورون کو فلمی حلقوں میں خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ فلمی ناقدین نے ساتھی اداکار سدہارتھ ملہوترہ سے سخت مقابلے کے باوجود ورون کی اداکاری کو سراہا ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر 66کروڑ روپے کابزنس کیا ہے۔



فلم انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ
دھرما پروڈکشن جیسے بڑے بینر کاحصہ ہونے کے باوجود ورون کو آگے بڑھنے میں وقت لگے گا۔ اس حوالے سے سی ایم ڈی پین انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ کے جیانتی لال گدا کا کہنا ہے کہ روایتی طور پر ہم فلم کو ریلیز سے پہلے خرید لیتے ہیں لیکن جب اس میں نیا چہرہ ہو تو ہم اس پروجیکٹ(فلم) کی تمام چیزوں کابڑی سختی سے معائنہ کرتے ہیں۔ لیکن میں نئے آنے والے دوسرے اداکاروں کی نسبت ورون کو ٹاپ ریٹنگ دوں گا۔

ڈیوڈ ڈھاون کا کہنا ہے کہ''ورون خود مختار ہے اور مجھے یقین ہے کہ ایک دن وہ آکر مجھ سے کہے گا، ڈیڈکرن نے مجھے فلم آفر کی ہے'' اور مجھے یقین ہے کہ وہ جلد ہی اپنی محنت سے بھارتی فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کرلے گا۔

گرش ترانی :
پروڈیوسر اور ٹپس انڈسٹری کے مالک کمار ترانی کے بیٹے گرش ترانی نے ہدایت کار پربھو دیوا کی فلم ''رمیاوستاویا'' سے ممبئی فلم نگری میں قدم رکھا ہے۔
فلمی ناقدین نے گرش کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہوشیاری سے کی جانے والی کاروباری حکمت عملی کی وجہ سے فلم نے 15کروڑ کا بزنس تو کرلیا ہے۔ لیکن جیوری نے ابھی تک فلم انڈسڑی میں گرش کے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ وانٹڈ اور راؤڈی راٹھور جیسی سپر ہٹ فلمیں بنانے والے پربھو کی یہ فلم شائقینِ کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

فلم انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خوش شکل گرش نے آغاز تو اچھا کیا ہے لیکن اسے اب صحیح انتخاب کرنا ہوگا۔ مشہور تقسیم کار راجیش ٹھنڈانی کا کہنا ہے کہ ''گرش میں ٹیلنٹ ہے،راہ نمائی کے لیے بڑا بینر ہے ۔ اس کی پہلی فلم نے مناسب بزنس کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ اسے فلمی حلقوںمیں قبول کرلیا گیا ہے۔

کمار ترانی کا اپنے بیٹے کی اداکاری کے حوالے سے کہنا ہے کہ''ہر نئے آنے والے کی طرح گرش کو بھی سخت محنت کرنا ہوگی اور اپنا کردار منتخب کرتے وقت بہت محتاط رہنا ہوگا۔''

عالیہ بھٹ:
مشہورہدایت کار،پروڈیوسر مہیش بھٹ کی بیٹی اوراداکارہ پوجابھٹ کی بہن عا لیہ بھٹ نے بھی کرن جوہر کی فلم''اسٹوڈینٹ آف دی ائیر'' سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا ہے۔ ناقدین نے عالیہ کے بھرپور اعتماد کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عالیہ کی اداکاری امتیاز عسکری کی فلم ''ہائی وے'' اور ابھیشیک ورمن کی چیتن بھگت کے ناول پر بننے والی فلم'' ٹو اسٹیٹسس''میں بھی متاثر کن رہے گی۔

فلمی ماہرین کی رائے ہے کہ عالیہ میں بہت بلندی پر جانے کاپوٹینشل ہے لیکن اسے اپنی شناخت بنانے کے لیے ایک طویل سفر طے کرنا ہوگا۔ تقسیم کار اور شرنگر فلمز کے شیام شروف کا کہنا ہے کہ''اگر آپ میں ٹیلنٹ ہے تو زیادہ عرصے تک لوگوںکی نظروں سے اوجھل نہیں رہ سکتے لیکن آپ کو اعتماد کے ساتھ صحیح پروجیکٹس پر کام کرنا ہوگا۔''



مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ '' اسے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے کیوں کہ کامیاب اور طویل کیرئیر اتفاقات سے نہیں بنتا۔''

ارجن کپور:
ماضی کی شوخ چنچل اداکارہ سری دیوی اور پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے اور انیل کپور کے بھتیجے ارجن کپور نے ہدایت کار حبیب فیصل کی فلم''عشق زادے''سے بھارتی فلم نگری میں قدم رکھا ہے۔ باکس آفس پر 46کروڑ بزنس کرنے والی اس فلم میں فلمی نقادوں نے ارجن کی اداکاری کی تعریف کی ہے۔ جب کہ ارجن کپور کی ریلیز ہونے والی دوسری فلم ''اورنگزیب'' باکس آفس پر ناکام ہوگئی ہے۔

ہدایت کار رینسل ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ارجن نے فلمی ناقدین کا دل جیت لیا ہے اور وہ بہت اچھا اداکار ہے اس میں ایسی کشش ہے جو آپ کو ستر کی دہائی یاد دلا دیتی ہے۔

ارجن کے چچا انیل کپور کا کہنا ہے کہ''ارجن اپنا کام بہت ہی توجہ اور محنت کے ساتھ کرنے کا عادی ہے۔ اسے اپنے اور دوسرے لوگوں کے قیمتی وقت کا بھی خیال رہتا ہے اور یہی بات اس کے پیشہ ورانہ رویے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

پرینیتی چوپڑا:
اداکارہ پریانکاچوپڑا کی کزن پرینیتی چوپڑا نے منیش شرما کی فلم''لیڈیز ورسس رکی بھیل''سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا ہے۔گرچہ اس کی فلم''عشق زادے ''اور''لیڈیز ورسس رکی بھیل'' باکس آفس پر خاص کامیابی حاصل نہیں کر سکی لیکن اسکرین پر پرینیتی کی اداکاری کوسراہا گیا ہے۔

فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ پرینیتی نے فلم سازوں کو مشکل کردار لکھنے کی جانب راغب کیا ہے۔ ہدایت کار راج کمار گپتا کا کہناہے کہ''میں نے عشق زادے دیکھی ہے اور میرے خیال میں پرینیتی بہت بہترین اداکارہ ہے ۔ میں نے اسے ہمیشہ بہت سادہ دیکھا ہے۔ اس کی پسند بھی بہت اچھی ہے، وہ منفرد کرداروں میں کام کر رہی ہے جو اس کے فلمی کیرئیر کے لیے بہت اچھاہے۔

پرینیتی کے والد پون چوپڑا کا کہنا ہے کہ''میں پرینیتی کی کامیابی پر بھگوان کا شکر گذار ہوں۔ میں اسے بینکر بناناچاہتا تھالیکن اس نے اداکاری کا فیصلہ کیا اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی میں نے اس کے فیصلے کی تائید کی تھی ۔''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں