امیتابھ بچن بالی ووڈ کے عظیم ترین اداکار قرار سروے

دلیپ کمار دوسرے ،شاہ رخ خان تیسرے اور مادھوری چوتھے نمبر پر ہیں

دلیپ کمار دوسرے ،شاہ رخ خان تیسرے اور مادھوری چوتھے نمبر پر ہیں فوٹو: فائل

برطانیہ میں ہونے والے ایک سروے نے امیتابھ بچن کو بالی ووڈ کا عظیم ترین اداکار قرار دے دیا ہے۔

برطانیہ کے ہفت روزہ اخبار برٹش ایشین ویکلی میں ''بالی ووڈ کے سو عظیم اداکار'' کے نام سے شائع ہونے والے سروے میں امیتابھ بچن کا نام سرفہرست ہے ۔ جب کہ دوسرے نمبر پر لیجنڈ اداکار دلیپ کمار ،تیسرے نمبر پر شاہ رخ خان اور چوتھے نمبر پر مادھوری ڈکشٹ کا نام ہے۔سروے میں بھارتی فلمی صنعت کے لیے امیتابھ بچن کی چالیس سالہ خدمات کو سراہا گیا ہے ۔

سروے میں ووٹ دینے والے امیتابھ بچن کے مداحوں کا کہنا ہے کہ شعلے اور دیوار جیسی بلاک بسٹر فلموں اور کون بنے گا کروڑ پتی میں اپنے انداز میزبانی سے ناظرین کے دل موہ لینے والے امتیابھ بچن کی بھارتی فلمی صنعت کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں اور وہ بولی وڈ کے پہلے اداکار ہیں جن کا مومی مجسمہ مادام تسائو کے میوزیم میں رکھا گیا تھا جب کہ لندن اولمپکس 2012میں ان کی مشعل برداری بھی بھارت کے لیے باعث فخر ہے۔


سروے کے نتائج سوشل میڈیا،باکس آفس کے اعداد و شمار،فلمی ماہرین اور ناظرین کے ووٹوں کو مد نظر رکھ کر جاری کیے گئے ہیں۔

دھک دھک کوئین مادھوری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں اپنے ان تمام مداحوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس قابل سمجھا۔ اور بھارتی فلمی صنعت کے لیے کام کرنا میرے لیے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات تھی۔

سروے میں ٹاپ ٹین اداکاروں میں راج کپور پانچویں،نرگس چھٹے،دیو آنند ساتویں،وحیدہ رحمان آٹھویں ،راجیش کھنہ نویں اور سری دیوی دسویں نمبر پر ہیں۔

جب کہ دوسرے مشہور اداکاروں میں سلمان خان گیارہویں، عامر خان چودھویں ،دھر میندرا پندرھویں،مدھو بالا چوبیسویں،کاجول تیسویں،ریتھک روشن بتیسویں ،کرینہ کپور تینتالیسویں ،پریانکا چوپڑا چھیاسی اور کترینا کیف ترانوے نمبر پر ہیں۔
Load Next Story