کئی علاقوں میں پانی کا بحران شہری سڑکوں پر آ گئے

گارڈن سے بڑا بورڈ آنے اور جانے والی سڑک احتجاج کے باعث کئی گھنٹے ٹریفک کے لیے بند رہی۔


Staff Reporter February 19, 2019
پانی کی بوند بوندکو ترس گئے،کسی کو کراچی  کا خیال ہی نہیں ،شہر کے بنیادی مسائل بڑھ رہے ہیں،خواتین۔ فوٹو: ایکسپریس

شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے۔

پرانا گولیمار کے رہائشی پانی کی عدم فراہمی پر سڑکوں پر نکل آئے، احتجاج میں مرودوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک تھے،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھارکھے تھے اور شدید نعرے بازی کررہے تھے علاقے میں پانی دو پانی دو کے نعرے گونجتے رہے، احتجاج کے باعث گارڈن سے بڑا بورڈ آنے اور جانے والی سڑک کئی گھنٹے ٹریفک کے لیے بند رہی جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہا۔

علاقہ مکینوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ 3ماہ سے علاقہ پانی سے محروم ہیں ٹینکرز کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں جو ہم برداشت نہیں کرسکتے، خدارا ہمیں پانی دیا جائے، ثمینہ نامی خاتون نے کہا کہ گھر میں پانی نہیں ہے جس کی وجہ سے کھانا پکانے اور استعمال کے لیے بھی پانی کی بوند بوندکو ترس رہے ہیں لیکن کسی کو ہم پر ترس نہیں آتا، شکایت کرو تو کوئی جواب نہیں دیتا، مشکلات ہیں کہ بڑھتی جارہی ہیں ،دہلی کالونی کے مکین بھی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد احتجاج میں شریک ہوئی۔

مظاہرین نے پانی دو پانی دو کے نعرے لگائے، احتجاج کے باعث چوہدری خلیق الزمان روڈ کا ایک ٹریک کچھ دیر کے لیے ٹریفک کے لیے بند رہا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام کے دوران سی بی سی اور واٹر بورڈ کی نا اہلی کے باعث پانی کا کنکشن منقطع ہوا جس کی بحالی کے لیے کئی بار درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی، مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ شہرکے بیشتر علاقوں میں پانی کی لائنوں کے ساتھ سیوریج لائنیں ملنے سے گندے پانی کی سپلائی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں