ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کیلیے آپریشن

دوران کارروائی قبضہ مافیا نے احتجاج کی کوشش کی، پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے آپریشن مکمل کرلیا

صدر: ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے دوران پولیس اہلکار ایک ٹھیلے کو اٹھا کر پھینک رہے ہیں۔ (فوٹو ایکسپریس)

کمشنر کراچی کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری نے ایمپریس مارکیٹ کے قریب ٹھیلوں اور پتھاروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے درجنوں ٹھیلوں کو الٹ کر اپنے قبضے میں لے لیا۔

پولیس کارروائی کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے احتجاج کیا گیا تاہم پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا، تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی شعیب صدیقی کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری نے ایمپریس مارکیٹ سمیت ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم پتھاروں اور ٹھیلوں کے خلاف کارروائی شروع کی جس میں پولیس نے سڑک کے کنارے کھڑے ہوئے درجنوں ٹھیلوں کو سامان سمیت الٹ دیا جبکہ فٹ پاتھوں پر لگائے گئے پتھارے بھی گرا دیے، پولیس نے آپریشن کے دوران ٹھیلے اور پتھارے والوں کو سامان لیجانے کا موقع فراہم کیا تاہم وہ اس بات پر بضد تھے کہ وہ یہاں پر نہ صرف پولیس کو بلکہ دیگر محکموں کے اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت دے کر اپنا کاروبار کر رہے ہیں۔




پولیس کی جانب سے ان کی ایک نہ سنی گئی اور ٹریفک کی روانی کا خلل بننے والے ان ٹھیلوں اور پتھاروں کو اکھاڑ پھینک دیا گیا، اس موقع پر قبضہ مافیا کی جانب سے احتجاج کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے اسے ناکام بنا کر تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل کر کے درجنوں ٹھیلوں اور سامان کو بھی ضبط کرلیا،علاوہ ازیں بلدیہ جنوبی نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں نکلنے والے مرکزی جلوس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دیدی، اس ضمن میںمنعقدہ محکمہ جاتی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی محمدرئیسی نے کہا ہے کہ جلوس کے راستوں، مساجد،امام بارگاہوں اور مجالس ووعظ کے مقامات کے اطراف صحت وصفائی ،روشنی کیلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایس ای عاصم علی خان، ڈی ایچ او محمدناصر،ایڈیشنل ڈی ایچ او خالد رشید بھی شریک تھے، قائم مقام ایڈمنسٹریٹرمحمدرئیسی نے کہا کہ بلدیہ جنوبی کی جانب سے یو م شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر عوامی شکایات کے فوری ازالے اور جلوس کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ کیلئے ڈی ایم سی ساؤتھ کے مرکزی دفتر واقع کے آر ایس کیپٹن روڈ نزد حقانی چوک پر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
Load Next Story