میلبورن 23 برس بعد ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کرے گا

پاکستان نے 1992 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، سڈنی وویلنگٹن میں سیمی فائنلز ہوں گے

آئی سی سی 2015 میگا ایونٹ کے وینیوز، پولز اور شیڈول کا اعلان آج کرے گی. فوٹو: فائل

KARACHI:
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ 23 برس بعد ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کیلیے تیار ہے۔

سڈنی کے اولمپک گراؤنڈ کے ارمان پورے نہ ہونے کا امکان ہے، سڈنی اور ویلنگٹن میں سیمی فائنلز ہوں گے، آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ وینیوز، پولز اور شیڈول کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2015 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا، ایونٹ کی باضابطہ لانچنگ منگل کو ویلنگٹن میں ہوگی جسے براہ راست دنیا بھر میں نشر کیا جائے گا، اس موقع پر میلبورن اور ویلنگٹن میں بیک وقت پولز، شیڈول اور وینیوز کا بھی اعلان ہونا ہے، فروری اور مارچ میں شیڈول ورلڈ کپ میں 44 روز کے دوران 49 میچز کھیلے جائیں گے۔




میگا ایونٹ کے فائنل کی میزبانی ایک بار پھر میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کو ملنے کا امکان جبکہ سیمی فائنل کیلیے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کو اولمپک اسٹیڈیم پر فوقیت حاصل ہے، دوسرا سیمی فائنل ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ ایم سی جی میں 23 برس قبل ورلڈ کپ کا فیصلہ کن معرکہ ہوا تھا، جس میں عمران خان کی زیرقیادت پاکستان نے انگلینڈ کو 1992 میں شکست سے دوچار کیا تھا، اس میچ سے لطف اندوز ہونے کیلیے87 ہزار تماشائی گراؤنڈ میں موجود تھے۔ ایم سی جی اس بار بھی ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا تھا۔

مگر اس کے میڈیا سینٹر میں موجود سہولتیں آئی سی سی کے مقرر کردہ معیار کے مطابق نہیں تھیں،اس لیے اسے سڈنی کی جانب سے چیلنج درپیش تھا مگر اب میلبورن کے حوالے سے تشویش ختم ہو گئی ہے، کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کو امید تھی کہ اولمپک گراؤنڈ (اے این زیڈ اسٹیڈیم) فائنل کیلیے بہترین متبادل وینیو ثابت ہوسکتا ہے، جس میں گذشتہ برس آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ٹوئنٹی 20 میچ کو 60 ہزار سے زائد تماشائیوں نے دیکھا تھا، اب یہاں پر فائنل تو کیا سیمی فائنل بھی منعقد ہونے کا امکان نہیں ہے، سڈنی کے روایتی کرکٹ گراؤنڈ کو سیمی فائنل کی میزبانی ملے گی جبکہ دوسرا فائنل فور ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story